سعودی نرس کا کارنامہ، سڑک پر زخمیوں کو بروقت طبی امداد
سعودی نرس کا کارنامہ، سڑک پر زخمیوں کو بروقت طبی امداد
اتوار 9 اگست 2020 13:26
طبی شعبے میں ایسے نوجوان قوم کے ہیرو ہیں(فوٹو العربیہ)
سعودی عرب میں ایک نرس نے مدینہ مکہ روڈ پر ٹریفک حادثے کا شکار ہونے والے ایک خاندان کی انسانی ہمدردی کی بنیاد پر بروقت مدد کر کے اپنے پیشے سے متعلق عمدہ مثال قائم کی ہے۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق مدینہ منورہ کی الحناکیہ گورنری میں المحفر ہیلتھ سنٹر میں ذمہ داریاں انجام دینے والی سعودی نرس خلود الصعدی نے بتایا کہ وہ ڈیوٹی ختم کر کے گھر واپس جا رہی تھی۔
انہوں نے راستے میں ایک کار حادثہ دیکھا جس میں ایک ہی خاندان کے متعدد افراد زخمی ہو گئے تھے۔
خلود نے بتایا کہ 'میری گاڑی میں فوری طبی امداد کا سامان موجود تھا اور میں نے اپنی گاڑی روک کر متاثرہ افراد کی مدد کا فوری فیصلہ کیا۔'
خلود نے اپنی گاڑی میں موجود فرسٹ ایڈ باکس نکالا اور زخمی افراد کو ابتدائی طبی امداد دی اور زخمیوں کی مرہم پٹی کی۔
انہوں نے بتایا کہ ہلا ل احمر کی ٹیم کے پہنچنے تک وہ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد دے کر ان کی زندگی بچانے میں کامیاب ہو گئی تھیں۔
مدینہ منورہ کے شعبہ صحت کے ترجمان معید ابو عنق نے سعودی نرس خلود الصاعدی کے انسانی ہمدردی کے جذبے کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ خلود الصعدی جیسے نوجوان سعودی قوم کے ہیرو ہیں جو اپنی جانوں کی پروا کیے بغیر دوسروں کو مشکل سے نکالنے میں ان کی مدد کرتے ہیں۔
معید ابو عنق کا کہنا ہے کہ نرس خلود الصعدی نے حادثے کا شکار ہونے والے خاندان کی مدد کر کے اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داری پوری کی ہے۔
طب ایک ایسا پیشہ ہے جس سے وابستہ تمام افراد انسانیت کے جذبات سے سرشار ہوتے ہیں۔
ابو عنق نے بتایا کہ مدینہ منورہ کے ڈائریکٹر جنرل برائے صحت ڈاکٹر محمد الخلاوی نے ٹیلیفون پر نرس خلود الصاعدی سے بات کی اور بروقت متاثرہ خاندان کی مدد کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور حوصلہ افزائی کی۔