امارات میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید 61 ہزار 544 ٹیسٹ کیے گئے(فوٹو اے ایف پی)
متحدہ عرب امارات میں اتوار کو گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران جدید ٹیسٹنگ آلات کی مدد سے کووڈ 19 کے مزید 61 ہزار 544 ٹیسٹ کیے گئے۔ مزید 255 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔
نئے مریض مختلف قومیت کے ہیں اور ان سب کی حالت مستحکم ہے۔ ضروری علاج فراہم کیا جا رہا ہے۔ امارات میں متاثرین کی تعداد بڑھ کر 62 ہزار 525 ہوگئی ہے۔
یو اے ای کی خبر رساں ایجنسی وام نے وزارت صحت کے بیان کے حوالے سے بتایا کہ زیادہ ٹیسٹ کیے جانے کا مقصد ملک میں اس وائرس کے مریضوں کی جلد تشخیص اور انہیں ضروری علاج فراہم کرنا ہے۔
بیان کے مطابق’ پچھلے چوبیس گھنٹے میں ایک شخص ہلاک ہوا ہے۔ اس وبا سے مرنے والوں کی تعداد 357 ہوگئی ‘۔
کورونا وائرس کے زیر علاج مریضوں میں سے مزید 323 مکمل صحتیاب ہوگئے۔ شفایاب ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 56 ہزار 568 ہوگئی ہے۔
کویت میں اتوار کو پچھلے چوبیس گھنٹے کے دوران 514 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ متاثرین کی کل تعداد بڑھ کر71 ہزار717 ہوگئی۔
نئے مریضوں میں 359 کویتی اور 115 غیر ملکی شامل ہیں۔ اس وقت ایکٹیو کسیز کی تعداد 7 ہزار 716 ہے۔ اس میں 115 انتہائی نگہداشت میں ہیں۔
کویتی خبر رساں ایجنسی کونا کے مطابق وزارت صحت کے ترجمان نے بتایا کہ’ پچھلے چوبیس گھنٹے میں مزید چار اموات ہوئی ہیں۔مرنے والوں کی تعداد 478 ہوگئی‘۔
بیان میں کہا گیا کہ’ مزید 713 مریضوں کی صحت یابی کے بعد شفا یاب ہونے والوں کی تعداد 63 ہزار519 ہوگئی ہے‘۔
ترجمان نے کہا کہ ’طبی عملے نے تین ہزار 223 نئے ٹیسٹ کیے۔ اب تک پانچ لاکھ 32 ہزار 353 کورونا ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں‘۔