Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کفیل ’خُروج‘ نہیں لگا رہا، تنخواہ بھی کم ہے، کیا کریں؟

ایگریمنٹ پورا کرنے سے پہلے خروج نہیں مانگ سکتے (فوٹو: سوشل میڈیا)
سعودی عرب میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے نافذ لاک ڈاؤن کے خاتمے کے بعد حالات بتدریج معمول پر آ رہے ہیں تاہم بین الاقوامی پروازوں کی بحالی کے حوالے سے اب تک کوئی سرکاری اعلان نہیں کیا گیا۔ 
 ایوی ایشن ذرائع کا کہنا ہے کہ جیسے ہی حکام کی جانب سے اس بارے میں احکامات جاری ہوں گے مطلع کر دیا جائے گا۔ 
قارئین نے اقامے اور خروج نہائی کے حوالے سے مزید سوالا ت بھیجے ہیں۔
 ایک قاری نے سوال کیا ہے کہ میں دوسری جگہ کام کرنے پر ترحیل کے ذریعے واپس آیا تھا۔ دوبارہ نئے ویزے پرکب تک سعودی عرب واپس جا سکتا ہوں؟
جواب: جو لوگ سعودی عرب سے ترحیل کے ذریعے ڈی پورٹ ہوجاتے ہیں ان كا تین اور پانچ سال تک سعودی عرب میں دوبارہ داخله ممنوع ہوتا ہے۔
 منیر احمد نے پوچھا ہے کہ میرا کفیل مجھ سے کام بہت کرواتا ہے اور تنخواہ بھی کم دیتا ہے۔ میں نے کفیل سے کہا کہ تنخواہ زیادہ کریں یا خروج لگا دیں۔ کفیل خروج بھی نہیں لگا رہے اور تنخواہ بھی نہیں بڑھا رہے۔ اب میں کیا کروں؟
 جواب: آپ کو یہ حق حاصل نہیں کہ معاہدے میں طے کردہ تنخواه سے زیادہ تنخواہ کا مطالبہ کریں۔ اگر آپ کو طے شده تنخواہ سے کم دی جا رہی ہے تو پھر آپ مکتب عمل سے رجوع کر سکتے ہیں۔ ایگریمنٹ پورا کرنے سے پہلے خروج نہیں مانگ سکتے۔ ایگریمنٹ پورا ہونے سے دو ماہ پہلے نوٹس دیں، پھر اگر کفیل خروج نہ لگائیں تو مکتب عمل میں کیس کریں۔ اس کے لیے سفارت خانے کے شعبہ ویلفیئر سے بھی رجوع کیا جا سکتا ہے۔

جہاں تک چھٹی کا معاملہ ہے کفیل یا کمپنی فیصلہ کرنے کی مجاز ہے (فوٹو: سوشل میڈیا)

 شاہد علی نے سوال کیا ہے میں پاکستان میں ہوں۔ میرے اقامے میں 3 ماہ کی توسیع ہوگئی ہے لیکن میری چھٹی نہیں بڑھی۔ مجھے کیا کرنا چاہیے؟
جواب: سعودی جوازات کی طرف سے خود کار نظام کے ذريعےاقامے اور ویزے کی مدت بڑھائی جارہی ہے۔ آپ انتظار کریں۔
جہاں تک واپسی كا تعلق ہے تو سعودی حکومت کی طرف سے تاركينِ وطن کی سعودی عرب واپسی كا ابهی كوئی اعلان نہیں ہوا۔ آپ اپنی کمپنی سے رجوع کرکے چھٹی بڑھا سکتے ہیں کیونکہ بین الاقوامی فلائٹس آپریشن اب تک معطل ہے۔
میاں عبدالوحید کا سوال ہے کہ جو لوگ خروج عودہ پر پاکستان ہیں ان کی چھٹی کفیل بڑھائیں گے یا حکومت خود بڑھائے گی؟ 
جواب: ایسےتمام افراد کے لیے سعودی حکومت نے ان کے خروج عودہ کی میعاد تین ماہ کے لیے بغیر کسی جرمانے کے بڑھا دی ہے۔ جہاں تک چھٹی کا معاملہ ہے اس کے لیے کفیل یا کمپنی فیصلہ کرنے کی مجاز ہے۔ عام طور پر کمپنیوں نے بین الاقوامی فلائٹس کی بحالی تک اپنے کارکنوں کی چھٹی میں توسیع کی ہے۔

شیئر: