ریاض ۔۔۔۔۔۔سعودی وزیر تعلیم ڈاکٹر احمد العیسیٰ نے نجی اور انٹر نیشنل اسکولوں کیلئے تعلیمی فیس میں اضافے کی منظوری معطل کردی۔وزارت تعلیم نے نجی اور انٹر نیشنل اسکولوں کو تعلیمی سال1426-37اور14337-38کے دوران تعلیمی فیس بڑھانے کی منظوری دیدی تھی۔ اب انہوں نے اس منظوری کو معطل کردیاہے۔ وزارت تعلیم نے نیا فیصلہ نجی اور انٹر نیشنل اسکولوں میں تعلیمی فیس جدید خطوط پر استوار کرنے کی پالیسی کے تحت کیا ہے۔ وزارت کورپورٹیں ملی تھیں کہ متعدد اسکول اس سلسلے میں مقررہ دائرے سے ہٹ رہے ہیں۔ بعض اسکولوں میں فیس کے حوالے سے کوئی فیصلہ کیا جارہا تھا اور دیگر اسکولوں میں مختلف طریقہ کار اختیار کیا جارہا تھا۔ العیسیٰ نے ہدایت کی کہ کوئی بھی نجی اور انٹر نیشنل اسکول اپنے طلبہ و طالبات کو کسی ایک تجارتی مرکز سے یونیفارم خریدنے کاپابند نہ بنائے۔ اسکول یونیفارم کی خصوصیات متعین کرنے پر ہی اکتفا کرے تاکہ طلبہ و طالبات کسی بھی دکان سے یونیفارم خریدسکیں۔ وزیر تعلیم نے اسکولوں پر یہ بھی پابندی لگائی کہ وہ کورس کی کتابیں یا تدریس و تربیت سے متعلق مختلف اشیاء کسی ایک دکان سے خریدنے کی پابندی عائد نہ کریں۔ ایک پابندی یہ بھی لگائی کہ ایسی کتابیں متعین نہ کی جائیں جو کسی ایک ہی ناشر کے یہاں سے شائع ہورہی ہوں۔ طلبہ کو مناسب نرخوں پر کسی بھی ناشر کی کتاب خرید نے کا موقع دیا جائے۔