جنرل قمر جاوید باجوہ رواں ہفتے سعودی عرب کا دورہ کریں گے
جمعرات 13 اگست 2020 14:14
آئی ایس پی آر حکام کے مطابق یہ دورہ پہلے سے طے تھا (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ رواں ہفتے کے اختتام پر سعودی عرب جا رہے ہیں۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے سینیئر حکام نے اردو نیوز سے گفتگو کے دوران بتایا کہ جنرل قمر جاوید باجوہ 16 اگست کو سعودی عرب میں ہوں گے اور وہاں اعلٰی حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔
آئی ایس پی آر حکام کے مطابق یہ دورہ پہلے سے طے تھا.
حکام کے مطابق ان ملاقاتوں کے دوران دونوں ملکوں کے مابین دو طرفہ دلچسپی کے امور زیر بحث آئیں گے.
جنرل قمر جاوید باجوہ اس سے پہلے بھی سعودی عرب کے دورے کر چکے ہیں۔
سعودی عرب اور پاکستان کے مابین مضبوط تعاون کے ساتھ قریبی تعلقات ہیں۔
رواں ہفتے پیر کو پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی نے پیر کو آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی تھی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں ’باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور دونوں برادر ملکوں کے درمیان باہمی دفاعی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے‘۔