چرس گاڑی کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی تھی ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے جازان ریجن میں قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں نے بڑی مقدار میں چرس سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔
سمگل کی جانے والی چرس کو انتہائی مہارت سے گاڑی کے خفیہ خانوں میں چھپایا گیا تھا۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ’ایس پی اے ‘ کے مطابق سرحدی امن فورسز کی ٹیم علاقے کے گشت پر مامور تھی کہ اہلکاروں نے سمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے سمگلر کو گرفتار کرلیا۔
وزارت داخلہ میں شعبہ سرحدی سکیورٹی کے ڈائریکٹر ذرائع ابلاغ کرنل احمد الطویان نے مزید بتایا کہ گشتی فورس کے اہلکاروں نے چرس سمگل کرنے کے الزام میں ایک شہری کو گرفتار کیا ہے جس سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔
کرنل الطویان کا کہنا تھا کہ ضبط کی جانے والی چرس 50 کلو گرام تھی جسے متعلقہ ادارے کے سپرد کردیا گیا جہاں سے اسے تلف کیا جائے گا۔
سمگلر کے خلاف منشیات سمگلنگ کا مقدمہ دائر کرکے ابتدائی رپورٹ محکمہ انسداد منشیات کو دے دی گئی ہے جہاں سے چالان مکمل کرنے کے بعد عدالت میں پیش کیا جائے گا۔