Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یورپ جانے کے خواہش مند 99 افراد گرفتار

ضلعی انتظامیہ کے مطابق پہلی مرتبہ سمگلنگ کے لیے خاران کا روٹ استعمال کیا گیا ہے (فوٹو: سکرین گریب)
بلوچستان کے شہر خاران میں غیر قانونی طور پر یورپ جانے والے 99 افراد کو کمسن بچوں سمیت پتکن ایف سی چیک پوسٹ پر سکیورٹی فورسز نے گرفتار کر لیا ہے۔
گرفتار افراد کو خاران کی ضلعی انتظامیہ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ ان کا تعلق صوبہ خیبرپختونخوا اور پنجاب سے ہے۔
خاران کے ڈپٹی کمشنر عبدالسلام اچکزئی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ گرفتار افراد کو انسانی سمگلنگ کرنے والے ایجنٹ بہتر مستقبل کا جھانسہ دے کر بھاری پیسوں کے عوض بلوچستان سے غیر قانونی طور ایران اور پھر ترکی کے خطرناک راستوں سے یورپ بھجوا رہے تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی انسانی سمگلنگ کے خلاف سخت اقدامات کی وجہ سے صوبائی حکومت اور سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ایران بارڈر سے متصل گوادر، تربت پنجگور، چاغی اور دیگر علاقوں میں غیر قانونی طور بیرون ملک جانے والے کئی سو افراد کو گرفتار کرچکی ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ انسانی سمگلنگ کرنے والے ایجنٹوں نے ضلع خاران کا روٹ استعمال کرنے کی ناکام کوشش کی۔
گذشتہ ہفتے چاغی میں بھی دو سو افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔

شیئر: