پنوعاقل میں ایک ہی خاندان کے 10 افراد قتل
پولیس کا کہنا ہے کہ قتل ہونے والوں میں پانچ خواتین اور چار بچے شامل ہیں (فائل فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستان کے صوبہ سندھ کے شہر پنو عاقل میں ایک شخص نے اپنے ہی خاندان کے 10 افراد کو قتل کر دیا ہے۔
پولیس کے مطابق سکھر ضلع کی تحصیل پنوعاقل کے کینٹ تھانے کی حدود میں ایک شخص عبدالوہاب انڈھڑ نے اپنے گھر کے 10 افراد کو اس وقت تیز دھار آلے سے قتل کردیا جب وہ سورہے تھے۔
پولیس نے واقعہ کی اطلاع پر پہنچ کر ملزم کو آلہ قتل سمیت گرفتار کرلیا ہے اور مقتولین کی نعشیں پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال روانہ کردی ہیں۔
پولیس کے مطابق مقتولین میں ملزم کی بھابھی، بھتیجیاں اور دیگر قریبی عزیز خواتین شامل ہیں ملزم سے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ قتل ہونے والوں میں پانچ خواتین اور چار بچے شامل ہیں۔ ملزم کو آلہ قتل سمیت گرفتار کرلیا گیا ہے۔
پولیس کا بتانا ہےکہ ملزم سے تفتیش جاری ہے اور بظاہر ایسا لگتا ہے کہ وہ ذہنی مریض ہے۔
دوسری جانب وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے واقعےکا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔
انہوں نے کہا کہ واقعے کی وجوہات کیا ہیں؟کیا خاندانی مسائل کی وجہ سے یہ واقعہ پیش آیا یا دشمنی ہے، واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات کی جائے۔