سعودی عرب پر میزائل حملوں کی مذمت
پاکستان نےحوثی ملیشیا کے حالیہ میزائل اور ڈرون حملوں کی مذمت کی ہے۔(فوٹو سوشل میڈیا)
پاکستان نے سعودی عرب پر حوثی ملیشیا کے میزائل اور ڈرون حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔
پیر کو دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پاکستان سعودی عرب پر حوثی ملیشیا کے حالیہ میزائل اور ڈرون حملوں کی شدید مذمت کرتا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ پاکستان نے میزائل اور ڈرون حملوں کو کامیابی سے رو کے جانے کو سراہا جس سے معصوم جانوں کے ضیاع کو روکا گیا۔
ترجمان نے کہا کہ ہم ایسے حملوں کو فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ پاکستان نے سلامتی اور علاقائی سالمیت کو لاحق کسی بھی خطرے کے خلاف سعودی عرب کے ساتھ اپنی مکمل حمایت اور یکجہتی کا پھر اعادہ کیا ہے۔
یاد رہے کہ عرب اتحاد نے سنیچر کو حوثیوں کا ایک اور ڈرون اور بیلسٹک میزائل حملہ ناکام بنا یا ہے۔
بارود سے لدے ڈرون کے ذریعے مملکت کے جنوبی علاقے کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی جبکہ بیلسٹک میزائل جازان کی طرف داغا گیا تھا۔ بیلسٹک میزائل اور ڈرون کو راستے میں روک کر تباہ کردیا گیا۔