مشرقی ریجن میں پولیس نے ناکارہ ٹرک اور مسروقہ لوہا جعل سازی سے فروخت کرنے والے 3 رکنی گروہ کو گرفتار کر لیا۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ نے ریجنل پولیس ترجمان کے حوالے سے کہا ہے کہ پولیس ٹیم نے جعل سازی اور چوری میں ملوث 3 افراد کو گرفتار کیا جن میں ایک سعودی اور 2 مصری شامل ہیں۔
پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ ملزمان نے شہر کے مختلف علاقوں میں ناکارہ لوڈنگ ٹرکوں کے جعلی ملکیتی دستاویزات تیار کرکے انہیں اسکریپ کے طور پر فروخت کیا تھا۔
ابتدائی تحقیقات میں مزید انکشاف ہوا کہ ملزمان نے ’الخبر‘ ریجن میں زیر تعمیر ٹاور سے 14 ٹن سریہ اور لوہا چرایا اور اسکریپ کے طور پر فروخت کر دیا تھا۔
ملزمان کے قبضے سے جعلی دستاویزات تیار کرنے والے آلات اور کمپیوٹرز کے علاوہ 22 ہزار ریال نقد اور گاڑیوں کے متعدد جعلی ملکیتی کارڈز ’استمارے‘ بھی برآمد ہوئے۔
ملزمان کو مزید تحقیقات کے لیے ادارہ پراسیکیوشن جنرل کے حوالے کردیا گیا جہاں سے انکا چالان مکمل کرنے کے بعد کیس کرمنل کورٹ میں بھیجا جائے گا