چار سے زیادہ لاؤڈ سپیکرز ہوئے تو ضبط کر لیے جائیں گے (فوٹو: العربیہ)
سعودی عرب میں وزارت اسلامی امور و دعوت و رہنمائی شیخ ریاض نے تمام مساجد کے ائمہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ چار سے زیادہ خارجی سپیکرز ہٹا دیں۔
کسی بھی مسجد میں چاہے وہ جامع مسجد ہی کیوں نہ ہو چار سے زیادہ لاؤڈ سپیکرز نصب کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ اس سے زیادہ لاؤڈ سپیکرز ضبط کرلیے جائیں گے۔
الوطن اخبار کے مطابق وزارت اسلامی امور نے ہدایت کی ہے کہ جب لیکچرز یا درس دیا جارہا ہو تو بیرونی سپیکر بند کردیے جائیں۔ یہ ذمہ داری امام اور مسجد کے موذن کی ہے۔ خلاف ورزی پر دونوں کا احتساب ہوگا۔
وزارت کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر علی الحارثی نے تمام مساجد کے ائمہ اور موذنوں کو تحریری طور پر تاکید کی ہے کہ چار سے زیادہ خارجی سپیکر نہ ہوں۔
ڈاکٹر الحارثی کے مطابق یہ تنبیہ ان رپورٹوں کے تناظر میں کی جا رہی ہے جن سے پتا چلا تھا کہ مساجد میں درس اور لیکچرز کے دوران خارجی سپیکر کھلے ہوتے ہیں جس کی وجہ سے آس پاس کے مکینوں کو مشکل ہوتی ہے۔
علاوہ ازیں چار سے زیادہ سپیکرز ہونے کی صورت میں مختلف مساجد سے دی جانے والی اذانوں اور نماز کی آوازوں میں ٹکراؤ ہوتا ہے۔