پچاس فیصد متاثرین حفاظتی تدابیر کی پابندی نہ کرنے والے نوجوان ہیں ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کی وزارت صحت نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے ٹیسٹ کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ اب تک 50 لاکھ سے زیادہ ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔
وزارت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے کہا ہے کہ نئے کورونا وائرس کے ٹیسٹ پی سی آر کی سہولت ضرورت مندوں یا اس کی خواہش کرنے والوں کو دی جاتی ہے۔ پچاس فیصد متاثرین پبلک مقامات پر حفاظتی تدابیر کی پابندی نہ کرنے والے نوجوانوں ہیں۔
عاجل ویب کے مطابق وزارت صحت کے ترجمان کا کہنا تھا کہ اچھی بات یہ ہے کہ ان دنوں کورونا وائرس کے نئے کیسز بہت کم ریکارڈ پر آرہے ہیں۔
متعدی امراض سے بچاؤ اور وبا کو پھیلنے سے روکنے کے لیے حفاظتی اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔
وزارت صحت کی ٹیمیں اور ماہرین وبا کی شروعات ہی سے اپنی مہم موثر انداز میں انجام دے رہے ہیں۔ ایسے تمام مقامات کی کڑی نگرانی کی جارہی ہے جہاں وائرس پھیلنے کے واقعات ریکارڈ پر آرہے ہیں۔
کورونا وائرس کے ہر مریض کا طبی جائزہ انفرادی شکل میں بھی لیا جارہا ہے۔ اس پہلو سے بھی اس کے کیس کو دیکھا جارہا ہے کہ اسے یہ وائرس کہاں سے اور کیسے لگا۔
واضح رہے کہ سعودی عرب میں کورونا کے یومیہ کیسز میں کمی کا سلسلہ جاری ہے۔ اتوار 30 اگست کو ایک ہزار سے کم نئے کیسز سامنے آنے تھے۔ ملک میں کورونا کے متاثرین کی تعداد بڑھ کر 3 لاکھ 14 ہزار 821 تک پہنچ گئی ہے۔