Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں کورونا کے 213 نئے مریض

ملک میں کورونا سے متاثرہ افراد کی کل تعداد 2 لاکھ 95 ہزار 849 ہو گئی ہے (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان میں کورونا وائرس کے نئے کیسز کی تعداد میں مسلسل کمی کا سلسلہ جاری ہے۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں وبا کے صرف 213 نئے مریضوں کی تشخیص ہوئی ہے جبکہ 6 افراد کی جان چلی گئی ہے۔
پیر کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر سے جاری ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی کل تعداد 2 لاکھ 95 ہزار 849 ہو گئی ہے جبکہ اب تک 6 ہزار 294 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

 

پاکستان میں 2 لاکھ 80 ہزار 682 افراد کورونا وائرس سے صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کے 604 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 18 ہزار 17 ٹیسٹ کیے گئے ہیں جبکہ اب تک مجموعی طور پر پورے ملک میں 26 لاکھ 21 ہزار 146 ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔
پاکستان کے زیرانتظام کشمیر، گلگت بلتستان اور بلوچستان میں کوئی مریض وینٹی لیٹر پر نہیں ہے۔
ملک بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کے لیے مختص ایک ہزار 920 وینٹی لیٹرز میں سے 98 زیر استعمال ہیں۔
ملک میں کورونا وائرس کے سب سے زیادہ مریضوں کی تشخیص صوبہ سندھ میں ہوئی ہے۔ سندھ میں مریضوں کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 29 ہزار 348 ہو گئی ہے جبکہ 2 ہزار 401 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

کورونا کے سب سے زیادہ مریضوں کی تشخیص سندھ میں ہوئی ہے (فوٹو: اے ایف پی)

 پنجاب میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 96 ہزار 769 ہو گئی ہے جبکہ 2 ہزار 198 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ خیبر پختونخوا میں اب تک 36 ہزار 44 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جبکہ ایک ہزار 250 اموات ہوئی ہیں۔
بلوچستان میں 12 ہزار 869 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں جبکہ 141 افراد جان سے چلے گئے ہیں۔
پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں کورونا کے 2 ہزار 298 مریض ہیں جبکہ اب تک علاقے میں 62 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

شیئر:

متعلقہ خبریں