امارات کی ترقی میں فلسطینی شہریوں کا مثبت کردار ہے (فوٹو: وام)
متحدہ عرب امارات کے وزیر امور خارجہ اور بین الاقوامی تعاون شیخ عبد اللہ بن زاید آل نہیان نے امارات کی ترقی میں فلسطینی شہریوں کے مثبت کردار کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ متحدہ عرب امارات، فلسطینیوں اور ان کی تحریک کی حمایت جاری رکھے گا۔
متحدہ عرب امارات میں فلسطینی کمیونٹی کے زیر اہتمام اجلاس سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے خطاب میں انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات میں اپنے فلسطینی بھائیوں کی کامیابیوں پر فخر ہے۔ ماضی میں متعدد ایسی متاثر کن کہانیاں ہیں جن کے ذریعے کئی دہائیوں تک فلسطینیوں نے ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ خطے میں پرامن مستقبل کے لیے متحدہ عرب امارات ایک خود مختار فیصلہ لے رہا ہے۔ فلسطینیوں کو یقین دلاتے ہیں کہ آپ اپنے دوسرے وطن میں رہ رہے ہیں۔ امارات اور فلسطینیوں کے درمیان یہ غیر متزلزل بندھن ہمیشہ قائم رہے گا اور کبھی تبدیل نہیں ہوگا۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ متحدہ عرب امارات اس عرب موقف کا حامی رہے گا جس کا مطالبہ ایک ایسی آزاد فلسطینی ریاست کا قیام ہے جس کا دارالحکومت مشرقی القدس ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ اپنے تاریخی موقف کی بنیاد پر فلسطینی تحریک کی حمایت کرتے رہیں گے اور ہمارا یہ موقف کبھی تبدیل نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات قیام امن کو خطے کے لیے ایک سٹریٹجک ضرورت کے طور پر دیکھتا ہے تاہم یہ سٹریٹجک ضرورت فلسطینی تحریک اور ہمارے برادر فلسطینی عوام کے حقوق کے لیے ہماری حمایت کی قیمت پر پوری نہیں ہوگی۔
اجلاس میں اماراتی فلسطینی کلب کے قیام کا اعلان کیا گیا جس کا مقصد امارات اور فلسطین کے درمیان تمام شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینا ہے۔
اجلاس کے شرکا نے متحدہ عرب امارات کی طرف سے کئی دہائیوں تک فلسطینی تحریک کی حمایت کرنے اور فلسطینی علاقوں کی عرب شناخت کے تحفظ کے لیے تاریخی کردار کو سراہا۔