Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’السعودیہ ایئرلائن کی بین الاقوامی پروازیں معطل رہیں گی‘

غیرملکیوں کی واپسی کے لیے15 مارچ سے بین الاقوامی پروازیں معطل ہیں۔(فوٹو عرب نیوز)
سعودی عرب کی ایئرلائن (سعودیہ) نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ مملکت آنے والوں کے لیے بین الاقوامی پروازیں ' آئندہ اعلان تک' معطل رہیں گی۔
عرب نیوز کے مطابق ایئرلائن نے مملکت کے ایسے اقامہ ہولڈرز جو کورونا وائرس کے بعد سے سعودی عرب سے باہر ہیں کی واپسی کے لیے ضوابط جاری کیے ہیں جو سفری شرائط پر مبنی ہیں۔

واپسی کے لیے ضوابط جاری کیے گئے ہیں جو سفری شرائط پر مبنی ہیں (فوٹو: عرب نیوز)

سعودی ایئرلائنز کے مطابق مملکت میں موجود اقامہ ہولڈرز اور واپسی کے خواہش مند  وزات داخلہ کی ویب سائٹ پر ابشر کے ذریعے جاری عودہ پروگرام پر اندراج کرائیں۔
ابشر کی ویب سائٹ پر عودہ  پروگرام میں اقامہ نمبر، تاریخ پیدائش، رابطے کے لیے موبائل نمبر، روانگی کا شہر اور آمد کا ہوائی اڈہ جیسی معلومات فراہم کرنا ہوں گی۔

اقامہ ہولڈر ابشر کے ذریعے عودہ ایپ پر ضوابط کا فارم پر کریں (فوٹو: ابشر)

ان تمام معلومات کی فراہمی کے لیے غیر ملکیوں کا ابشر کی ویب سائٹ پر اکاؤنٹ ہونا ضروری نہیں۔
السعودیہ کی جانب سے وضاحت کی گئی ہے کہ مخصوص سفری شرائط کے بارے میں اکثر افواہیں گردش کرتی رہتی ہیں۔
مملکت میں واپس آنے والوں کو اس فارم کے ذریعے اپنی صحت سے متعلق مطلع کرنا اور ایئرپورٹ پر اترتے ہی اسے ہیلتھ کنٹرول سنٹر کے اہلکاروں کو دینا ہوگا۔ اس کے بعد سات دن تک خود کو گھر تک محدود رکھنا ہوگا۔

واپس پہنچنے والوں کو سات دن تک خود کو گھر تک محدود رکھنا ہوگا (فوٹو: عرب نیوز)

دیگر یہ کہ ایسے تمام مسافروں کو واپس پہنچتے ہی وبائی مرض سے مکمل آگاہ رکھنے کے لیے وزارت صحت کی تطمن ایپ پر اندراج کرنا ہو گا۔ اس ایپ میں اندراج کا مقصد یہاں پہنچنے والوں کی صحت سے متعلق مستقل پیروی کرنے کے عزم کو یقینی بنانا ہے۔
اس کے ساتھ ایک اور ایپ توکلنا پر بھی اندراج کرانے کی ضرورت ہے جس میں کورونا وائرس کی علامات ظاہر ہونے کے بعد ممکنہ انفیکشن سے محفوظ رکھنے کے بارے میں ہدایات اور مدد فراہم کی جائے گی۔

 ضوابط کا مقصد صحت سے متعلق مستقل پیروی کا عزم یقینی بنانا ہے (فوٹو: وزارت صحت)

دریں اثنا سعودی ایئرلائنز نے یہ سفری ضوابط جن ممالک کے لیے جاری کیے ہیں ان میں متحدہ عرب امارات ، کویت ، عمان ، بحرین، مصر ، لبنان ، تیونس ، مراکش ، چین ، برطانیہ ، فرانس ، اٹلی ، سپین ، جرمنی ، آسٹریا ، ترکی ، یونان ، بنگلہ دیش ، فلپائن ، ملائشیا ، جنوبی افریقہ ، سوڈان ، ایتھوپیا ، کینیا ، نائجیریا اور انڈونیشیا شامل ہیں۔
واضح رہے کہ سعودی عرب نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو محدود رکھنے کی غرض سے اقدامات کرتے ہوئے غیر ملکیوں کی مملکت واپسی کے لیے 15 مارچ  سے بین الاقوامی پروازیں معطل کر رکھی ہیں۔ اندرون ملک پروازیں مکمل احتیاطی تدابیر کے ساتھ 31 مئی سے دوبارہ بحال کی گئی ہیں۔
 
  • خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: