Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں موجود تارکین کے’خروج وعودہ ‘میں توسیع

سفر نہ کرنے کی صورت میں خروج وعودہ کو کینسل کرانا لازمی ہے (فوٹو، ٹویٹر)
 کورونا وائرس کے حوالے سےموجودہ صورتحال کے پیش نظر محکمہ امیگریشن اینڈ پاسپورٹ (جوازات) نے مملکت میں موجود غیر ملکیوں کے ایگزٹ ری انٹری (خروج وعودہ) کی مدت میں تین ماہ کی توسیع کا آغاز کردیا ہے۔
وہ غیر ملکی جواپنے ملک جانا چاہتے تھے مگر موجودہ حالات میں  سفر پر عارضی بندش کے سبب وہ جا نہیں سکے ان کے خروج وعوہ کی مدت میں خود کارطریقے سے توسیع کردی جائے گی۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق محکمہ پاسپورٹ نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے خصوصی ہدایت پرعمل کرتے ہوئے مملکت میں موجود تارکین کو مراعات دینے کا اعلان کیا ہے۔

خروج وعودہ میں توسیع کےلے جوازات سے رجوع کرنے کی ضرورت نہیں (فوٹو، سوشل میڈیا)

اس حوالے سے ’جوازات‘ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ’ صنعتی یا تجارتی شعبے سے تعلق رکھنے والے  تارکین وطن جن کے ایگزٹ ری انٹری ویزے کی مدت 25 فروری سے 24 جون 2020 تک تھی اور وہ موجودہ حالات کی وجہ سے سفر نہیں کرسکے ان کے ویزوں میں خود کار طریقے سے تین ماہ کی توسیع کسی فیس کے بغیر کردی جائے گی‘۔
محکمہ پاسپورٹ کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ ’خروج و عودہ  حاصل کرنے والے تارکین جو سفر نہیں کرسکے انہیں محکمہ کے دفتر سے رجوع کرنے کی قطعی ضرورت نہیں ان کے ویزوں کی ایکسٹینشن میعاد ختم ہونے کی تاریخ سے تین ماہ کے لیے خود کارطور پر کردی جائےگی۔‘
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’ تارکین وطن جوازات کے سسٹم ’ابشر‘ پر لاگ ان کر کے اپنے ایگزٹ ری انٹری ویزوں کے بارے میں معلومات حاصل کر سکتے ہیں‘
واضح رہے مملکت میں مقیم تارکین کو وطن جانے کے لیے ایگزٹ ری انٹری ویزہ حاصل کرنا پڑتا ہے جس کی ماہانہ فیس 100 ریال ہوتی ہے۔
ویزہ حاصل کرنے والے کےلیے لازمی ہے کہ سفر نہ کرنے کی صورت میں اسے مقررہ مدت کے اندر کینسل کرایا جائے۔ خروج و عودہ ویزہ کینسل نہ کرانے پر جرمانہ عائد کیاجاتا ہے۔

ابشر اکاونٹ سے خروج وعودہ میں توسیع معلوم کی جاسکتی ہے(فوٹو، ٹویٹر)

موجودہ صورتحال کے پیش نظر بے شمار غیر ملکی جنہوں نے ایگزٹ ری انٹری ویزہ حاصل کر لیا تھا مگر سفری پابندی کے بعد وہ سفر نہیں کرسکے تھے انہیں کافی دشواری کا سامنا تھا۔
اس حوالے سے سعوی حکومت نے ان تمام افراد کے لیے خصوصی رعایت کا اعلان کیا ہے

شیئر: