Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مکہ سمیت کئی علاقوں میں بارش متوقع

ترجمان شہری دفاع کا کہنا ہے کہ تفریح کے لیے جانے والے بچوں کا خاص خیال رکھیں (فوٹو: سوشل میڈیا)
سعودی عرب میں مکہ سمیت کئی علاقوں میں بارش کے ساتھ گرد آلود ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔
مکہ میں ریجنل شہری دفاع کا کہنا ہے کہ ان دنوں موسم غیر متوقع رہنے کے باعث لوگ احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ خاص طور پر پہاڑی راستوں پر سفر کرنے والے برساتی نالوں کے قریب جانے سے اجتناب برتیں۔ 
شہری دفاع کے ریجنل ترجمان کرنل محمد القرنی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ محکمہ موسمیات نے مملکت سمیت مکہ ریجن میں بارش کی پیش گوئی کی ہے جس کی وجہ سے نشیبی علاقے اور پہاڑی مقامات پر سیلابی کیفیت پیدا ہونے کا امکان ہے۔ 

بارش کے ساتھ تیز ہوائیں بھی چلنے کا امکان ہے (فوٹو: اخبار24)

مکہ ریجن کے مختلف علاقوں میں جن میں طائف، میسان، العرضیات، اضم شامل ہیں سنیچر کی رات تک بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔ اس سے بعض مقامات پر نشیبی علاقے برساتی پانی سے متاثر ہوسکتے ہیں۔  
محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بارش کے ساتھ تیز ہوائیں بھی چلنے کا امکان ہے جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری کی بھی توقع ہے۔ 
شہری دفاع کے ترجمان کی جانب سے مزید کہا گیا کہ ایسے افراد جو بلا وجہ خطروں کو پسند کرتے ہیں انہیں چاہیے کہ کسی قسم کی مہم جوئی نہ کریں کیونکہ بعض مقامات پر سیلابی ریلہ انتہائی تیز ہوتا ہے جس کی وجہ سے وہ مشکل میں مبتلا نہ ہوجائیں۔ 
تفریح کے لیے جانے والے خاص طور پر اپنے بچوں کا خاص خیال رکھیں اور انہیں بہتے پانی سے دور رکھیں تاکہ کسی مشکل میں مبتلا نہ ہوں۔ 

شیئر: