ایک نئی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں کورونا وائرس کے 95 فیصد مریضوں میں بیماری کی علامات موجود ہی نہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق نئی تحقیق سے اس بات پر روشنی پڑتی ہے کہ کیسے پاکستان کورونا وائرس کو کنٹرول کرنے میں کامیاب ہوا ہے۔
آغا خان ہسپتال کی جانب سے کی گئی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ شہر میں کورونا وائرس کا شکار ہونے والے ہر 10 میں سے 9 افراد میں مرض کی علامات ظاہر نہیں ہوئیں۔
مزید پڑھیں
-
پاکستان: کورونا کیسز 3 لاکھ کے قریب
Node ID: 503496
-
حکومت کا 15 ستمبر سے تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان
Node ID: 503511
-
پاکستان میں کورونا کے 330 نئے کیسز
Node ID: 503706
تحقیق کے دوران طبی عملے نے شہر کے مختلف علاقوں سے دو ہزار افراد کے ٹیسٹ کیے۔
تحقیق کرنے والی ٹیم کے سربراہ عمران نثار نے اے ایف پی کو بتایا کہ جن افراد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ان میں سے 95 فیصد مریضوں میں کورونا کی علامات نہیں پائی گئیں۔ ان میں کھانسی، بخار، گلے کی خرابی یا دوسری علامات موجود نہیں تھیں۔
تحقیق سے وابستہ محققین کا کہنا ہے کہ اس بات کو سمجھنے کے لیے کہ کیوں شہر میں اتنے زیادہ کیسز بغیر علامات کے ہیں مزید تحقیق اور سرویز کی ضرورت ہے۔ تاہم ان کا کہنا ہے کہ اس کا ایک سبب پاکستان کی آبادی میں نوجوانوں کی اکثریت ہو سکتا ہے۔
پاکستان کی آبادی کا میڈین ایج (وسطی عمر)22 سال ہے اور کورونا وائرس سب سے زیادہ زیادہ عمر کے افراد کو متاثر کرتا ہے۔
یونیورسٹی کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق ’پاکستان میں بغیر علامات کے مریضوں کا تناسب ترقی یافتہ ممالک کے مقابلے میں بہت زیادہ ہے۔ چونکہ علامات کے بغیر مریضوں کو ہسپتال میں علاج کی ضرورت نہیں ہوتی، اس سے اس بات کو سمجھنے میں آسانی ہوگی کہ کیوں پاکستان کے ہسپتال سپین اور برطانیہ کی طرح مریضوں سے نہیں بھرے۔‘
تاہم جنوبی اشیا کے دیگر ممالک کے مقابلے میں پاکستان کے کم کیسز نے صحت کے ماہرین کو چکرا کے رکھ دیا ہے۔
ملک کی متعدی امراض مثلاً پولیو، ٹی بی اور ہیپاٹائٹس کو کنٹرول کرنے میں ناکامی کی ایک تاریخ ہے اور مختلف حکومتوں نے ملک کے صحت کے نظام کو بہتر کرنے پر خاص توجہ نہیں دی۔
اس کے باوجود پاکستان میں کیسز کی تعداد میں کمی آرہی ہے اور آئی سی یو میں چند ایک مریض رہ گئے ہیں اور حکومت نے کورونا پر قابو پانے کے لیے لگائی گئی تقریباً تمام پابندیاں اٹھا لی ہیں۔
پاکستان میں اگلے ہفتے سے سکول، یونیورسٹیاں اور دیگر تعلیمی ادارے بھی کھلنا شروع ہو جائیں گے۔
پاکستان میں کورونا سے اب تک تقریباً تین لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں اور ملک میں روزانہ چند سو نئے مریض سامنے آرہے ہیں۔ جب کہ روزانہ کی اموات کم ہوکر سنگل ڈیجیٹ تک آگئی ہیں۔
ملک میں میں کورونا متاثرین کی تعداد دو لاکھ 99 ہزار 233 ہے جن میں سے دو لاکھ 86 ہزار 157 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔
پاکستان میں اب تک اس وبا سے چھ ہزار 350 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔