امیر کویت سرجری کے بعد طے شدہ طبی خدمات حاصل کر رہے ہیں۔ (فوٹو روئیٹرز)
کویت کے دیوان الامیری کی جانب سے بیان جاری کیا گیا ہے کہ امیر کویت شیخ صباح الاحمد الصباح صحت یاب ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق کویت کی سرکاری نیوز ایجنسی کونا کا حوالہ دیتے ہوئے امیر کویت شیخ صباح الاحمد الصباح کی صحت کے حوالے سے دیوان الامیری سے بیان جاری کیا گیا ہے ۔ جس میں کہا گیا ہے کہ امیر کویت سرجری کے بعد طے شدہ طبی خدمات حاصل کر رہے ہیں اور وہ روبصحت ہیں۔
امیر کویت شیخ صباح الاحمد الصباح کا امریکہ میں مکمل طبی معائنہ کئے جانے کے بعد آپریشن کیا گیا تھا جس کے بعد انہیں صحت کی مکمل بحالی کے لیے طبی سہولیات دی جا رہی ہیں۔
دیوان الامیری نے کہا ہے کہ سرکاری ذرائع سے مکمل معلومات حاصل کرنے کے بعد ہی امیر کویت کی صحت کے متعلق اطلاعات جاری کی جائیں۔ عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ بے بنیاد خبروں پر توجہ نہ دیں۔