Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات: ایک روز میں ریکارڈ 1007 نئے کیسز

یو اے ای میں یہ ایک روز میں ریکارڈ ہونے والے کیسز کی سب سے بڑی تعداد ہے (فوٹو: اے ایف پی)
متحدہ عرب امارات میں سنیچر کو کورونا وائرس کے ریکارڈ ایک ہزار سات نئے مریضوں کی تشخیص ہوئی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق وبا کے پھیلنے کے بعد یو اے ای میں یہ ایک روز میں ریکارڈ ہونے والے کیسز کی سب سے بڑی تعداد ہے۔
اس سے قبل میں متحدہ عرب امارات میں مئی کے مہینے میں ایک دن کے دوران کیسز کی زیادہ سے زیادہ تعداد 994 ریکارڈ کی گئی۔ اس کے بعد گذشتہ ماہ تک کیسز کی تعداد کم ہوتی گئی اور تین اگست کو ملک میں 164 کیسز ریکارڈ ہوئے۔  

 

امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق متحدہ عرب امارات میں کورونا سے اب تک 78 ہزار 849 افراد متاثر ہو چکے ہیں جبکہ 399 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
دوسری جانب دبئی محکمہ صحت نے کہا ہے کہ ہسپتالوں اور ان کی کلینکس میں کورونا وائرس کے ٹیسٹ پر 8 زمروں میں شامل افراد سے فیس وصول نہیں کی جائے گی۔ 
الامارات الیوم کے مطابق محکمہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل حمید محمد القطامی نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے باشندے، اماراتی خواتین کی اولاد، پچاس برس سے زائد عمر کے مقیم غیرملکی، حاملہ خواتین، لاعلاج امراض میں مبتلا افراد اور اماراتی شہریوں کے خدام وغیرہ سے 4 ماہ میں ایک بار کورونا ٹیسٹ پر کوئی فیس نہیں لی جائے گی۔ 
محکمہ صحت نے واضح کیا ہے کہ کورونا کے مریضوں سے ملنے والوں سے بھی کورونا ٹیسٹ فیس نہیں لی جائے گی۔ 

شیئر: