Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ملزم کی شناخت پریڈ جلد کرائی جائے‘

لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے موٹر وے ریپ کیس میں ملزم شفقت علی کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل کرنے کا حکم دیتے ہوئے ملزم کی شناخت پریڈ کرانے کے انتظامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔
منگل کو انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد حسین بھٹہ نے کیس کی سماعت کی۔ گجر پورہ پولیس نے ملزم شفقت علی کو بکتر بند گاڑی میں چہرے پر کپڑا ڈال کر عدالت میں پیش کیا۔
لاہور سے اردو نیوز کے نامہ نگار رائے شاہنواز کے مطابق سرکاری استغاثہ کی جانب سے عدالت سے استدعا کی گئی کہ ملزم کی شناخت پریڈ کروانی ہے، 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجا جائے۔

 

 گجر پورہ تھانے کے تفتیشی افسر انسپکٹر ذوالفقار نے ملزم کا ریکارڈ عدالت میں پیش کرتے ہوئے بتایا کہ شفقت علی عرف بگا کی شناخت پریڈ کروانی ہے۔
تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کا ڈی این اے میچ کر گیا ہے۔
فاضل جج نے ملزم سے پوچھا کہ اس نے کچھ کہنا ہے تو بتائے۔ ملزم شفقت علی نے کہا کہ بس جی مہربانی کر دیں۔ جج ارشد حسین بھٹہ نے پوچھا کہ کیا مہربانی کریں؟ْ۔
ملزم نے عدالت سے کہا کہ ’مجھے چھوڑ دیں۔‘ جج ارشد بھٹہ نے ملزم سے کہا کہ ’تمہارا ڈی این اے میچ کر گیا ہے، تم نے کچھ نہیں کیا ہو گا تو چھوٹ جائو گے۔‘
عدالت نے ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر بھیجنے کی استدعا منظور کرتے ہوئے شناخت پریڈ کے لیے خصوصی انتظامات کرنے کی ہدایت کی۔
عدالت نے حکم دیا کہ تفتیشی افسر جلد از جلد ملزم کی شناخت پریڈ کروائے، ملزم دوسرے ملزموں کے ساتھ شامل نہ ہو سکے اور 29 ستمبر دوبارہ پیس کیا جائے۔

شیئر: