Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’عمرہ اجازت نامے 18 سے 65 برس کے افراد کو جاری ہوں گے‘

 عمرے کی بحالی کے حوالے سے مکہ میں اجلاس ہوا ہے۔( فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی وزیر حج ڈاکٹر صالح بنتن نے کہا ہے کہ عمرہ اجازت نامے کی کوئی فیس نہیں ہے۔ 24 گھنٹے میں عمرہ زائرین کے 12 قافلوں کو عمرے کی اجازت ہوگی۔  
سبق ویب سائٹ کے مطابق وزیر حج و عمرہ نے کہا کہ 18 سے 65 برس تک کے افراد کو عمرہ اجازت نامے جاری ہوں گے۔ عمرہ زائرین کو گروپوں میں تقسیم کیا جائے گا۔ ہر گروپ کے ہمراہ ماہر صحت ہوگا۔
 انہو ں نے کہا کہ سعودی قیادت نے ہدایت دی ہے کہ ہنگامی صحت حالات میں عمرہ ادا کرنے والوں کو تمام سہولتیں مہیا کی جائیں۔ سعودی عرب بانی مملکت کے عہد سے لے کر اب تک دونوں مقدس مساجد کی خدمت کو اعزاز کے طور پر انجام دے رہا ہے۔ 
سعودی وزیر حج کا کہنا تھا کہ  مسجد الحرام میں جانے کے لیے ’اعتمرنا ایپ‘ پر بکنگ ضروری ہوگی۔ اس کے بغیر کسی بھی شخص کو حرم شریف میں جانے نہیں دیا جائے گا۔ ہمارا مقصد عمرہ زائرین اور مسلمانوں کی صحت  و سلامتی کا تحفظ ہے۔ اسے ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔ 
انہوں نے مزید کہا کہ بیرونی حاجیوں کی آمد اور واپسی میں سہولت پیدا کرنے کے لیے سپیشل ٹریک قائم کیا ہے۔ وزارت زائرین کے تعاون سے تصور کو حقیقت میں تبدیل کررہی ہے۔اعتمرنا ایپ کی ایک خصوصیت یہ بھی ہے کہ اس کے ذریعے عمرہ زائر رہائش کا بھی انتخاب کرسکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزارت صحت نے ایسے ممالک کی فہرست جاری کردی ہے جن کے باشندے عمرہ ادا کرنے کے لیے آ سکیں گے۔

عمرہ سے واپسی  پر ہوٹلوں میں ایس او پیز نافذ کیے جائیں گے۔ (فوٹو: ٹوئٹر)

وزیر حج و عمرہ نے بتایا کہ اعلیٰ عمرہ کمیٹی مناسب صحت ماحول مہیا کر رہی ہے۔ ہم نے تکنیکی مسائل پیدا ہونے کی صورت میں اعتمرنا ایپ کے متبادل بھی تیار کیے ہیں۔ عمرہ سے واپسی  پر ہوٹلوں میں ایس او پیز نافذ کیے جائیں گے۔
علاوہ ازیں مسجد الحرام و مسجد نبوی انتظامیہ کے سربراہ اعلیٰ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس، وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر محمد صالح بنتن نے عمرہ کے پہلے مرحلے کےانتظامات، مقدس مساجد کی انتظامیہ اور وزارت حج و عمرہ کے درمیان تعاون کے طریقوں کا جائزہ لیا گیا۔
 عمرہ زائرین مسجد الحرام اور مسجد نبوی آنے والوں کی صحت و سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے انتظامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق عمرے کی تدریحی بحالی کے فیصلے کے تناظر میں اجلاس مکہ مکرمہ میں ہوا ہے۔
وزیر حج و عمرہ نے زائرین کی صحت و سلامتی کے لیے مسجد الحرام کی انتظامیہ کی کوششوں کی تعریف کی۔
باخبر رہیں، اردو نیوز کو ٹوئٹر پر فالو کریں

شیئر: