Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا سے ہلاکتیں10 لاکھ سے زائد

فرانس میں طبی ماہرین نے کہا ہے کہ وبا کی دوسری لہر کی زیادہ تیزی سے آمد ہوئی ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
دنیا بھر میں عالمی وبا کورونا سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 10 لاکھ سے بڑھ گئی ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق گزشتہ برس دسمبر میں چین سے پھوٹنے والی وبا کورونا وائرس نے اب پوری دنیا میں تین کروڑ 30 لاکھ سے زائد انسانوں کو متاثر کیا ہے جن میں سے دس لاکھ کی موت واقع ہوئی۔
امریکہ میں ہر نئے روز کے ساتھ کورونا متاثرین اور ہلاکتوں میں اضافہ ہو رہا ہے اور وہاں مرنے والوں کی تعداد دو لاکھ چار ہزار سے بڑھ گئی ہے جبکہ 71 لاکھ 13 ہزار سے زائد لوگ متاثر ہوئے ہیں۔

 

برطانیہ میں بھی صورتحال میں بہتری نہیں آئی ہے اور روئٹرز کے مطابق برطانوی حکومت شمالی برطانیہ اور لندن میں مکمل طور پر سماجی لاک ڈاؤن نافذ کرنے پر غور کر رہی ہے۔
اس منصوبے کے تحت تمام ریسٹورینٹس اور بارز کو ابتدا میں دو ہفتوں کے لیے بند کرنے کا حکم دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ گذشتہ ہفتے برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے کہا تھا کہ نئے لاک ڈاؤن سے نوکریاں اور رہن سہن متاثر ہوگا۔
لاطینی امریکہ اور کیریبین کے علاقے وبا سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے جہاں اب تک کورونا سے تین لاکھ 41 ہزار اموات ہوئی ہیں۔
برازیل میں کورونا سے ایک لاکھ 41 ہزار اور انڈیا میں 95 ہزار 500 سے زائد افراد عالمی وبا کی وجہ سے موت کے منہ میں گئے۔

شیئر: