عمرے کے لیے ایک لاکھ 8 ہزار اجازت نامے
65128 غیرملکیوں کو اجازت نامے دیئے گئے ہیں- فوٹو: العربیہ
سعودی وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ ایک لاکھ 8 ہزار سے زیادہ عمرہ اجازت نامے جاری کر دیے گئے۔ 27 ستمبر سے یکم اکتوبر تک اعتمرنا ایپ کے ذریعے اجازت نامے جاری کیے گئے ہیں۔
اخبار 24 کے مطابق وزارت نے اعداد وشمار کے حوالے سسے بتایا کہ 42 ہزار 873 سعودی شہریوں اور 65 ہزار 128غیرملکیوں کو اجازت نا موں کا اجرا کیا گیا ہے۔
وزارت حج نے مزید بتایا کہ اعتمرنا ایپ شروع ہوتے ہی اندراج کرانے والوں کی تعداد 16 ہزار ہوگئی تھی جبکہ ایک ہفتے کے اندر تین لاکھ 10 ہزار سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں نے اندراج کرا لیا- ان میں سے دو لاکھ 55 ہزار اصل ہیں اور 85 ہزار اہل و عیال ہیں-
وزارت حج نے بتایا کہ اندراج کرانے والوں میں 35 فیصد ایسے ہیں جن کی عمر 60 برس سے زیادہ ہے۔ 26 فیصد کی عمریں 31 سے 40 برس کے درمیان ہیں جبکہ 17 فیصد 20 سے 30 برس، 14 فیصد 41 سے 50 برس کے ہیں۔ 8 فیصد وہ ہیں جن کی عمریں 51 سے 60 برس کے درمیان ہیں۔
یاد رہے کہ وزارت حج و عمرہ نے اتوار 27 ستمبر کی صبح سے عمرہ زائرین سے درخواستوں کی وصولی شروع کی تھی۔
باخبر رہیں، اردو نیوز کو ٹوئٹر پر فالو کریں