Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمرہ اور زیارت کے لیے سپیشل ایپ ’اعتمرنا‘

27 ستمبر سے ایپ آئی او ایس، اینڈریڈ سسٹم پر مہیا ہوگی۔( فوٹو ایس پی اے) 
سعودی وزیر حج عمرہ ڈاکٹر محمد صالح بنتن  نے کہا ہے کہ عمرہ، نماز اور زیارت کے لیے سپیشل ایپ ’اعتمرنا‘ تیار کی گئی ہے۔
27 ستمبر سے عمرہ اور زیارت کا پہلا مرحلہ شروع ہونے سے 7 دن قبل آئی او ایس، اینڈریڈ سسٹم پر مہیا ہوگی۔ 
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق ڈاکٹر بنتن نے عمرہ ادا کرنے، مسجد الحرام میں نماز پڑھنے اورمسجد نبوی کی تدریجی طور پر اجازت دینے پر خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان  کے لیے ممنونیت اور قدرو منزلت کے جذبات کا اظہار کیا۔ 
سعودی وزیر حج نے بتایا کہ عمرہ، نماز اور زیارت کی کارروائی اعتمرنا ایپ کے ذریعے منظم کی جائے گی۔ جسے مصنوعی ذہانت کی سعودی اتھارٹی (سدایا) کے تعاون سے تیار کیا گیا ہے۔

 اجازت نامہ کورونا سے پاک ہونے کا سرٹیفکیٹ پیش کرنے پر جاری ہوگا( فوٹو ایس پی اے) 

اعتمرنا ایپ کی مدد سے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ عمرہ، زیارت اور نماز کے خواہشمند زائرین مقدس شہروں میں جاسکیں گے۔ اس ایپ کے ذریعے عمرہ زیارت اور نماز کے اوقات منظم کیے جائیں گے۔ سفر کی پیشگی منصوبہ بندی ہوگی اور وہاں جانے کی بکنگ ممکن ہوسکے گی۔ 
انہوں نے کہا کہ اعتمرنا ایپ  کی مدد سے زائرین براہ راست مطلوبہ معلومات کا اندراج کریں گے۔ اس حوالے سے کووڈ 19 وائرس سے پاک ہونا بنیادی شرط ہوگی۔ زائرین اپنے طور پر وقت اور تاریخ کا انتخاب کریں گے تاہم اتنے ہی لوگوں کو اجازت نامہ جاری ہوگا جتنی وہاں گنجائش ہوگی۔ 
عمرہ، زیارت اور نماز کا اجازت نامہ اسی وقت جاری ہوگا جب امیدوار کورونا وائرس سے پاک ہونے کا سرٹیفکیٹ پیش کرے گا۔ 

شیئر: