انڈیا میں کورونا کے مریضوں کی صحت یابی کی شرح 83 فیصد ہے (فوٹو: اے ایف پی)
دنیا کے مختلف ممالک میں جہاں کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے نافذ کیے گئے لاک ڈاؤن میں نرمی لائی گئی ہے وہیں کچھ ایسے بھی ہیں جہاں کیسز کی بڑھتی تعداد کی وجہ سے دوبارہ پابندیوں کی ضرورت آپہنچی ہے۔
امریکی خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق انڈیا میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 75 ہزار 829 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔
گذشتہ روز ملک میں وائرس کی وجہ سے ہونے والی اموات کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کر گئی تھی۔
اتوار کو انڈیا کی وزارت صحت نے ملک میں کورونا وائرس کے کل مصدقہ کیسز کی تعداد 65 لاکھ سے زائد بتائی اور کہا کہ ملک میں اب تک کم از کم ایک لاکھ ایک ہزار 782 افراد کووڈ 19 کی وجہ سے ہلاک ہوچکے ہیں۔
انڈیا میں اب تک روزانہ کی بنیاد پر کورونا وائرس کے سب سے زیادہ کیسز کی تصدیق ہو رہی ہے۔
تاہم وزارت صحت کا کہنا تھا کہ ملک میں مریضوں کی صحت یابی کی شرح 83 فیصد ہے جس کی وجہ سے صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد 55 لاکھ سے زیادہ ہے۔
اس کے علاوہ انڈیا میں شرح اموات 1.56 ہے، جوکہ عالمی شرح سے تقریباً نصف ہے۔
وزارتِ صحت نے ملک میں کورونا وائرس کے لیے کیے جانے والے ٹیسٹوں کی تعداد بڑھائے جانے کو سراہا۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق انڈیا میں اب تک 7.9 کروڑ ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔
واضح رہے کہ انڈیا میں سینما گھر اور تفریحی پارکس کو 15 اکتوبر سے کھولنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں تاکہ معیشت کو بحال کیا جاسکے۔
دوسری جانب ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے دیوالی اور سردیوں میں وائرس کے مزید پھیلنے کا خدشہ ہے۔
اُدھر روس میں اتوار کو کورونا وائرس کے 10 ہزار 499 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔ یہ 15 مئی کے بعد وائرس کی ایک دن کی سب سے بڑی تعداد ہے۔
اُس وقت کورونا وائرس اپنی بلند ترین سطح پر تھا اور لاک ڈاؤن بھی نافذ تھا۔
روس کے کورونا وائرس سینٹر کا کہنا تھا کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں وائرس کی وجہ سے 107 اموات ہو چکی ہیں جس سے ہلاکتوں کی کل تعداد 21 ہزار 358 ہوچکی ہے، جبکہ 12 لاکھ 9 ہزار 39 متاثرین ہیں۔
امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق دنیا بھر میں کورونا وائرس سے اب تک 10 لاکھ 33 ہزار 678 اموات ہو چکی ہیں۔
امریکہ میں اب تک کورونا وائرس سے 73 لاکھ 83 ہزار 244 افراد متاثر ہو چکے ہیں، جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 2 لاکھ 9 ہزار 399 ہے۔
اس کے علاوہ برازیل میں اب تک 49 لاکھ 6 ہزار 833 افراد کورونا وائرس کا شکار ہو چکے ہیں، جبکہ ملک میں اموات کی تعداد ایک لاکھ 45 ہزار 987 ہے۔