Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کن شخصیات کو انٹرنیٹ پر سرچ کرنا ’خطرناک‘؟

معروف شخصیات میں سرفہرست معروف فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو ہیں۔
معروف فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو اور بالی وڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان کی انٹرنیٹ پر تلاش مہنگی پڑ سکتی ہے۔
در اصل انٹرنیٹ پر نئے بگز اور وائرس سے سیکیورٹی فراہم کرنے والی کمپنی ’میک ایفی‘ نے حال ہی میں ’موسٹ ڈینجرس سیلبرٹی لسٹ 2020‘ یعنی رواں سال کے لیے خطرناک ترین سیلبرٹی فہرست کا 14 واں ایڈیشن جاری کیا ہے۔
اس میں سرفہرست معروف فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو ہیں جبکہ اداکارہ تبو دوسرے نمبر پر ہیں۔
لاک ڈاؤن کے دوران دنیا بھر میں انٹرنیٹ کے استعمال میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ چنانچہ ہیکرز نے صارفین کو پھنسانے کے لیے ایسی شخصیات اور ناموں کا استعمال کیا جو عموماً زیادہ سرچ کیے جاتے ہیں۔ 
صارفین کے سامنے ہیکرز ایسی سائٹس پیش کرتے ہیں جو باآسانی کسی کے بھی پھنسنے کا باعث بن سکتی ہیں۔
سیکیورٹی کمپنی ’میک ایفی‘ ہر سال خطرناک ترین افراد کی فہرست جاری کرتی ہے۔
میک ایفی کی فہرست کے مطابق اس سال اداکارہ تبو کے بعد سب سے زیادہ خطرناک سیلبرٹی اداکارہ تاپسی پنوں ہیں۔ جبکہ ان کے بعد اداکارہ انوشکا شرما اور سوناکشی سنہا کا نمبر آتا ہے۔
میک ایفی کے مطابق ان اداکاراؤں کو انٹرنیٹ پر سب سے زیادہ سرچ کیا گیا ہے۔
ان کے بعد فہرست میں نوجوان گلوکار ارمان ملک کا نام ہے۔ سارہ علی خان ساتویں نمبر پر ہیں، جبکہ شاہ رخ خان نویں اور گلوکار ارجیت سنگھ دسویں نمبر پر ہیں۔

انٹرنیٹ پر سرچ کی جانے والی شخصیات میں اداکارہ تبو دوسرے نمبر پر ہیں۔ فوٹو اے یف پی

انڈیا کے اخبار دی ہندو میں شائع رپورٹ کے مطابق میک ایفی انڈیا کے ایم ڈی اور انجینیئرنگ کے نائب صدر وینکٹ کرشناپور نے ہیکنگ کے حوالے سے کہا ہے کہ اب پہلے کے مقابلے میں زیادہ خطرات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’انٹرٹینمنٹ کے لیے انٹرنیٹ استعمال کرنے والے صارفین کے لیے خطرہ بڑھ گیا ہے کیونکہ سائبر مجرم ان کا قریب سے تعاقب کرتے ہیں اور ان کی پسند و ناپسند کا فائدہ اٹھاتے ہیں۔‘
کمپنی کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ صارف عام طور پر مفت کے شوز اور اہم سپورٹس ایونٹ کی تلاش میں رہتے ہیں اور وہ انجانے میں ایسی ویب سائٹ پر چلے جاتے ہیں جہاں سے ان کے کمپیوٹر، موبائل اور دوسرے آلات میں وائرس داخل ہو جاتا ہے جس سے ان کی معلومات کو اور ان کے آلات کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔
باخبر رہیں، اردو نیوز کو ٹوئٹر پر فالو کریں

شیئر: