متحدہ عرب امارات کے سٹیڈیم کئی برسوں سے پاکستان کرکٹ ٹیم کی میزبانی کرتے آئے ہیں اور آج کل انڈین پریمیئر لیگ ( آئی پی ایل) کے 13 ویں سیزن کی وجہ سے آباد ہیں۔
آئی پی ایل کی ٹیموں کے مالکان انڈیا کے مشہور بالی وڈ سٹارز اور کئی امیر شخصیات ہیں۔ جنہوں نے انڈین کرکٹ کے مداحوں کے جوش و جذبے کو دیکھتے ہوئے اس میں بھرپور سرمایہ کاری کی جس کی بدولت آج یہ دنیا کی مہنگی ترین لیگ اور دنیا بھر کے سپانسرز اور براڈ کاسٹرز کی توجہ کا مرکز ہے۔
بالی وڈ کے کنگ شاہ رخ خان اور ڈمپل کوئن پریتی زنٹا اکثر آئی پی ایل کی وجہ سے بھی خبروں میں رہتے ہیں۔ کبھی کسی ٹویٹ کی وجہ سے تو کبھی آئی پی ایل میں اپنی ٹیموں کی کارکردگی پر بات کرنے کی وجہ سے۔
گذشتہ روز ٹوئٹر اکاونٹ فلم ہسٹری پکس نے شاہ رخ کی ایک پرانی تصویر شیئر کی ہے جس میں وہ وکٹ کیپنگ کرتے نظر آ رہے ہیں۔ صارفین کی جانب سے نہ صرف اس تصویر کو پسند کیا جا رہا ہے بلکہ شاہ رخ کا ان کی ٹیم کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے کپتان دنیش کارتک سے موازنہ بھی جاری ہے۔
When Shah Rukh Khan kept wickets. @iamsrk pic.twitter.com/Unuh7iTkAd
— Film History Pics (@FilmHistoryPic) October 3, 2020
ٹوئٹر صارف انیل نیر نے تصویر میں شاہ رخ خان کے پیچھے کھڑے 7 کھلاڑیوں کے حوالے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’یہ فیلڈنگ کی عجیب ہی پوزیشن ہے جس میں وکٹ کیپر کے پیچھے سات لوگ کھڑے ہیں۔‘
جس کے جواب میں کئی صارفین کا کہنا تھا کہ شاید یہ تصویر پریکٹس سیشن کے دوران لی گئی ہے اس لے شاہ رخ کے پیچھے اور کھلاڑی بھی موجود ہیں تاکہ بال پکڑنے کی زیادہ سے زیادہ پریکٹس کی جا سکے۔
ٹوئٹر ہینڈل سوشلی ڈیڈ نے مزاحیہ انداز میں لکھا کہ ’یہ بندہ (شاہ رخ) بھی ٹیم میں دنیش کارتک سے اچھا ہی کر لے گا۔‘
قبل ازیں شاہ رخ خان کی ایک اور بلیک اینڈ وائٹ تصویر بھی کچھ عرصہ زیر بحث رہی تھی جس میں وہ کرکٹ لیجنڈ کپل دیو کے ساتھ فٹ بال کھیلتے ہوئے دکھائی دیے۔ ان تصاویر سے شاہ رخ خان کی کھیلوں میں دلچسپی کا اندازہ بھی لگایا جا سکتا ہے۔
