Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈین فلم سٹار ثنا خان نے شوبز کو خیرباد کہہ دیا

ثنا خان نے لکھا ہے کہ انھوں نے نماز، دعا، ذکر، ایمان اور صبر کی وجہ سے پریشان ہونا چھوڑ دیا ہے۔ فوٹو: فیس بک
بالی وڈ سپرسٹار سلمان خان کے ساتھ ہندی فلموں میں کام کرنے والی اور بگ باس سیزن چھ کی رنرز اَپ ثنا خان نے فلم انڈسٹری کو خیرباد کہہ دیا ہے۔
انھوں نے متعدد ریئلٹی شوز میں کام کیا ہے اور کئی فلموں میں بھی نظر آئیں لیکن گذشتہ روز انھوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر اور فیس بک پر فلم انڈسٹری کو چھوڑ کر مذہب کی راہ پر چلنے کے فیصلے کا اعلان کیا ہے۔
ان سے قبل 'بگ باس' میں نظر آنے والی پاکستانی اداکارہ وینا ملک نے بھی شوبز کی دنیا کو چھوڑ کر سادہ اور مذہبی زندگی کو اپنایا تھا اور ان کے متعلق کافی باتیں ہوئی تھیں لیکن وہ اب تک اپنے فیصلے پر قائم ہیں۔

 

اسی طرح عامر خان کی فلم 'دبنگ' سے شہرت پانی والی کشمیری اداکارہ زائرہ وسیم نے بھی فلم انڈسٹری کو گذشتہ سال خیرباد کہا اور اس کے ساتھ انھوں نے یہ بھی کہا تھا کہ وہ اب مذہب اسلام کی راہ پر گامزن رہیں گی۔ ان کے بیان کے بعد سوشل میڈیا پر زبردست مباحثہ نظر آیا اور کہا گیا کہ ان کا 'برین واش کیا گیا ہے' اور بعض نے تو یہاں تک کہا کہ ان پر شدت پسند عناصر کی جانب سے شدید دباؤ ہے'۔ لیکن اس کے بعد سے وہ فلموں سے دور ہی ہیں۔
ثنا خان نے جنوبی ہند کی مختلف زبانوں کی فلموں میں کام سے اپنے کیریئر کی ابتدا کی تھی۔ سلمان خان کی فلم 'جے ہو' میں وہ ولن ڈینی ڈینگ زو پا کی بیٹی بنی ہیں جبکہ اکشے کمار کے ساتھ 'ٹوئلٹ ایک پریم کتھا' میں گیسٹ رول میں نظر آئیں۔ ان کی آنے والی فلم 'ٹوم ڈک اینڈ ہیری 2' ہے جس میں وہ شرمن جوشی اور آفتاب شودیسانی کے ساتھ نظر آئیں گی۔
انھوں نے گذشتہ روز اپنی ایک طویل پوسٹ کے ذریعے فلم انڈسٹری سے کنارہ کشی کی بات کہی ہے۔ انھوں نے اردو اور انگریزی میں اپنے فیصلے کو شیئر کیا اور لکھا ہے: 'میری زندگی کا سب سے خوشی بھرا لمحہ، اللہ مجھے اس سفر میں ہدایت دے۔ آپ سب مجھے دعا میں شامل رکھیں۔'

اس کے ساتھ انھوں نے جو پوسٹ لکھی ہے اس میں تمام بھائی بہنوں سے گزارش کی ہے کہ 'وہ مجھے فلم انڈسٹری میں کسی بھی کام کے لیے دعوت نہ دیں۔'
ثنا خان کی یہ پوسٹ سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔ انھوں نے فلم انڈسٹری کو چھوڑنے کی وجہ بتاتے ہوئے لکھا ہے کہ 'یہ زندگی دراصل موت کے بعد کی زندگی کو بہتر بنانے کے لیے ہے۔'
انھوں نے لکھا: 'آج میں اپنی زندگی کے اہم موڑ پر آپ سے بات کر رہی ہوں۔ میں برسوں سے شو بز کی زندگی گزار رہی ہوں، اس عرصے میں مجھے ہر طرح کی شہرت، عزت اور دولت اپنے چاہنتے والوں کی طرف سے نصیب ہوئی جس کے لیے میں ان کی شکرگزار ہوں۔ لیکن اب کچھ دنوں سے مجھ پر یہ احساس قبضہ جمائے ہوئے ہے کہ انسان کے دنیا میں آنے کا مقصد کیا صرف یہی ہے کہ وہ دولت اور شہرت کمائے؟' کیا اس پر یہ فرض عائد نہیں ہوتا کہ وہ اپنی زندگی ان لوگوں کی خدمت میں گزارے جو بے آسرا اور بے سہارا ہیں؟'

ثنا خان کے فلم انڈسٹری چھوڑنے کے فیصلے پر سوشل میڈیا صارفین مختلف تبصرے کر رہے ہیں۔ فوٹو: انڈین میڈیا

انھوں نے مزید لکھا: 'اس سوال کا جواب میں نے اپنے مذہب میں تلاش کیا تو مجھے پتہ چلا کہ دنیا کی زندگی اصل میں مرنے کے بعد کی زندگی کو بہتر بنانے کے لیے ہے۔ وہ اسی صورت میں بہتر ہوگی جب بندہ اپنے پیدا کرنے والے کے حکم کے مطابق زندکی گزارے۔ اس لیے آج یہ اعلان کرتی ہوں کہ اپنے شوبز (فلم انڈسٹری) کی زندگی چھوڑ کر انسانیت کی خدمت اور اپنے پیدا کرنے والے کے حکم پر چلنے کا پکا ارادہ کرتی ہوں۔'
ان کے فیس بک اور ٹوئٹر اکاؤنٹس پر نظر ڈالنے سے اندازہ ہوتا ہے کہ انھوں نے اچانک یہ فیصلہ نہیں کیا۔ کئی ماہ سے اپنی حجاب کی تصاویر شیئر کر رہی ہیں اور ان میں جو باتیں وہ لکھ رہی ہیں وہ ان کے تبدیل شدہ میلان کو ظاہر کرتا ہے۔
ایک ماہ قبل والی ایک پوسٹ میں وہ لکھتی ہیں: 'یہ آپ کی صلاحیت نہیں بلکہ خدا کا رحم ہے۔ یہ آپ کی محنت نہیں بلکہ خدا کا فضل ہے۔ یہ آپ کا علم نہیں اللہ کی حکمت ہے۔'
ایک پوسٹ میں ثنا خان نے لکھا ہے کہ انھوں نے نماز، دعا، ذکر، ایمان اور صبر کی وجہ سے پریشان ہونا چھوڑ دیا ہے۔ لیکن سوشل میڈیا پر مباحثہ جاری ہے۔
مرکرم 3 نامی ایک صارف نے لکھا: 'ثنا خان کے فیصلے پر سنگھی (سخت گیر ہندو) پاگل ہو گئے ہیں۔ شاباش ثنا خان تم نے انھیں وہاں چوٹ پہنچائی ہے جہاں بہت تکلیف ہوتی ہے۔'

شیئر: