Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غیر ملکی ملازمین کو 15 ملین ریال کے واجبات مل گئے

  ملازمین نے 3500 دعوے دائر کیے تھے (فوٹو: سوشل میڈیا)
سعودی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے الخبر میں مختلف ملکوں کے غیرملکی ملازمین کے 15 ملین ریال سے زیادہ کے بقایا جات ادا کرا دیے ہیں۔
کمپنیوں اور اداروں کے ذمے 15 ملین ریال سے زیادہ کے حقوق اور بقایا جات تھے۔ وزارت نے موثر کارروائی کرکے غیرملکیوں کے مطالبات پورے کرائے ہیں۔ 
اخبار 24 کے مطابق وزارت افرادی قوت نے سال رواں کی تیسری سہ ماہی کی رپورٹ جاری کرتے ہوئے بتایا کہ ملازمین نے 3500 دعوے دائر کیے تھے۔ ان میں سے 591 دعوے آجروں اور اجیروں کے درمیان مصالحت کے ذریعے نمٹائے گئے۔ 

 آجروں اور اجیروں کے درمیان 591 دعوے مصالحت کے ذریعے نمٹائے گئے (فوٹو: سوشل میڈیا) 

یاد رہے کہ سعودی وزارت افرادی قوت نے گذشتہ مہینوں کے دوران آجروں اور اجیروں کے درمیان مالیاتی تنازعات طے کرانے کا تیز رفتار فارمولا متعارف کرایا تھا۔
فارمولے کے تحت آجروں کے خلاف اجیروں کی شکایات کو مقدمے کی لمبی کارروائی سے بچانے کے لیے فریقین کے درمیان مصالحت کے ذریعے طے کرایا جاتا ہے، تاہم اجیروں کو اختیار دیا جاتا ہے کہ اگر انہیں مصالحتی فارمولا قبول ہو تو ایسی صورت میں وہ یہ مختصر راستہ اختیار کرسکتے ہیں۔
اگر مصالحت کے ذریعے طے کیے جانے والے امور سے اتفاق نہ ہو تو وہ باقاعدہ عدالتی کارروائی کے مجاز ہیں اور انہیں اس کا پورا حق حاصل ہے۔ 

شیئر: