ملک میں متاثرین کی تعداد بڑھ کر 3 لاکھ 39 ہزار 267 ہو گئی ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں کورونا وائرس کے نئے کیسز میں ریکارڈ کمی ہوئی ہے۔ 400 سے بھی کم نئے مریض سامنے آئے ہیں۔
وزارت صحت کے مطابق اتوار 11 اکتوبر کو گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 323 نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے۔ اس طرح متاثرین کی تعداد بڑھ کر 3 لاکھ 39 ہزار 267 ہو گئی ہے۔
سبق نیوز نے وزارت صحت کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے حوالے سے بتایا کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 593 افراد صحت یاب ہوئے ہیں۔ اب تک 3 لاکھ 25 ہزار 330 افراد اس مرض سے شفایاب ہو چکے ہیں۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ گذشتہ روز کورونا سے 25 افراد ہلاک ہوئے۔ اس طرح اموات کی مجموعی تعداد 5 ہزار 43 ہو چکی ہے۔
مملکت میں اس وقت ایکٹیو کیسز کی تعداد کم ہو کر 8 ہزار 894 رہ گئی جن میں سے 826 مریض انتہائی نگہداشت یونٹ میں زیرعلاج ہیں۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مختلف شہروں میں کورونا وائرس کے نئے کیسز کی سب سے زیادہ تعداد مدینہ میں رہی جہاں 64 نئے مریض سامنے آئے ہیں۔
ریاض 27، الھفوف 21، بلجرشی 18،حائل 17، جازان 13، ابہا 8، دمام 8، مکہ 8، عرعر 8، بریدہ 7، جبیل 7 اور الظہران میں 7 کیسز کا پتا چلا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق 10 شہروں میں مریضوں کی تعداد ایک، ایک، 10 شہروں میں 2، 2 اور 13 شہروں میں 3،3 جبکہ 3 شہروں میں 4،4 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
سعودی عرب میں متعدی امراض سے بچاؤ اور وبا کو پھیلنے سے روکنے کے لیے حفاظتی اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔
وزارت صحت کے ترجمان نے کہا ہے کہ کورونا کے کیسز میں مسلسل کمی آرہی ہے اور ہم درست سمت میں جا رہے ہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ کورونا کے کیسز میں کمی کے حوالے سے اب تک تمام اشارے امید افزا ہیں۔