زیادتی کیس:عابد ملہی کا 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ منظور
موٹروے ریپ کیس کے مرکزی ملزم عابد ملہی کو فیصل آباد سے گرفتار کیا گیا۔ فوٹو ٹوئٹر
لاہور کی انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے موٹر وے زیادتی کیس کے مرکزی ملزم عابد ملہی کو شناخت پریڈ کے لیے 14 روز کے لیے جیل بھجوانے کا حکم دے دیا ہے۔
منگل کو لاہور موٹر وے زیادتی کیس کے ملزم عابد ملہی کو سی آئی اے ماڈل ٹاؤن کی ٹیم نے انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت میں پیش کیا۔
دوسری جانب آئی جی پنجاب انعام غنی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عابد ملہی کو مانگا منڈی سے گرفتار کیا گیا اور اس کی گرفتاری کے لیے نو ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ بالا مستری نے عابد ملہی کو اطلاع کر دی تھی کہ اس کی تصویر میڈیا پر چل رہی ہے، تصویر کی اطلاع کی وجہ سے ملزم کی گرفتاری میں تاخیر ہوئی۔ وہ گرفتاری سے بچنے کے لیے مقامات تبدیل کرتا رہا۔
’ملزم عابد مانگا منڈی اپنی بیوی کو ملنے گیا تو وہاں پولیس موجود تھی، وہ دیوار پھلانگ کر گھر میں داخل ہوا اور پولیس نے اسے گرفتار کر لیا۔‘
آئی جی پنجاب نے مزید بتایا کہ عابد ملہی کو اس کے سالے کے موبائل نمبر کی مدد سے ٹریس کیا گیا۔
گذشتہ روز پیر کو پنجاب پولیس کے حکام نے بتایا تھا کہ موٹروے ریپ کیس کے مرکزی ملزم عابد ملہی کو فیصل آباد سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے پیر کے روز اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا ’عابد ملہی گرفتار ہو گیا ہے۔ انشااللہ قانون کے مطابق سزا ملے گی۔‘
گرفتاری کے بعد ملزم کو لاہور منتقل کر کے سی آئی اے پولیس کی تحویل میں دے دیا گیا۔
اس کیس کا دوسرا ملزم شفقت علی پہلے ہی گرفتار ہو چکا ہے اور جوڈیشل ریمانڈ پر ہے۔
لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے موٹر وے ریپ کیس میں ملزم شفقت علی کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل کرنے کا حکم دیا تھا۔
دونوں ملزمان نے ستمبر میں لاہور سیالکوٹ موٹر پروے ایک خاتون کو ان کے بچوں کے سامنے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔
باخبر رہیں، اردو نیوز کو ٹوئٹر پر فالو کریں