مقامی افرادی قوت، نجی شعبے میں روزگار کے لیے ٹریننگ پروگرام
جمعہ 16 اکتوبر 2020 15:22
ٹریننگ کا مقصد افرادی قوت کے لیے روزگار کے مواقع بڑھانا ہے۔ فوٹو فری پک
سعودی ہیومن ریسورسز ترقیاتی فنڈ نے مسک اکیڈمی کے تعاون کے ساتھ مقامی افرادی قوت کے لیے الیکٹرانک ٹریننگ پروگرام کا اعلان کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی ہیومن ریسورسز ترقیاتی فنڈ (ہدف) نے مسک اکیڈمی کے ساتھ شراکت داری کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں جس کے تحت سعودی افرادی قوت کو مختلف الیکٹرانک پروگرامز کی ٹریننگ دی جائے گی۔
عرب نیوز کے مطابق ان ٹریننگ پروگراموں کا مقصد مقامی افرادی قوت کے لیے نجی شعبے میں روزگار کے مواقع بڑھانا ہے۔
سعودی فنڈ اور مسک کے مابین ہونے والے معاہدے کے تحت مختلف شعبوں میں ٹریننگ دی جائے گی، جن میں بزنس اینالیسز، ڈیجیٹل مارکیٹنگ، ڈیٹا اینالیسز، ڈیٹا انجینیئرنگ، بزنس اینالاٹکس، مشین لرننگ، ڈیپ لرننگ، ویب ایپلی کیشن انٹر فیس، ویب ڈیویلپمنٹ، آئی او ایس ڈیویلپمنٹ، پروگرامنگ اور خود مختار گاڑیوں کی ڈیویلپمنٹ شامل ہے۔
ان پروگراموں کی ٹریننگ میں دلچسپی رکھنے والے افراد سرکاری ای ٹریننگ ویب سائٹ doroob.sa. کے ذریعے درخواست جمع کر وا سکتے ہیں۔