دو لاکھ بیس ہزار عمرہ زائرین مسجد الحرام پہنچیں گے۔ (فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں محدود عمرہ پروگرام کا دوسرا مرحلہ اتوار 18 اکتوبر سے شروع ہو رہا ہے۔ اس میں دو لاکھ بیس ہزار عمرہ زائرین اور 5 لاکھ 60 ہزار نمازی مسجد الحرام پہنچیں گے۔
مقدس مساجد کی انتظامیہ نے بیان میں کہا کہ دوسرا مرحلہ 14 روز تک جاری رہے گا۔ دوسرے مرحلے کے دوران مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے زائرین کو تمام مطلوبہ خدمات فراہم کی جائیں گی اس کے لیے تیاریاں مکمل ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق عمرہ پروگرام کے دوسرے مرحلے کے تحت ہر روز چالیس ہزار نمازی اور 15 ہزار عمرہ زائر مسجد الحرام پہنچیں گے اور یہ حرم مکی کی کل گنجائش کا 75 فیصد ہوں گے۔
مسجد الحرام کی انتظامیہ نے تمام نمازیوں اور عمرہ زائرین سے کہا ہے کہ وہ نماز اور عمرے کے حوالے سے اجازت ناموں میں مقررہ اوقات کی پابندی کریں۔ کورونا وائرس سے بچاؤ کی حفاظتی تدابیر کے تحت میڈیکل ماسک پہن کر آئیں۔ ہاتھ پابندی سے سینیٹائز کریں۔
عمرہ زائرین اور نمازیوں کی خدمت پر مامور اداروں اور انتظامیہ کے کارکنان سے تعاون کریں۔ اپنے ہمراہ کھانے پینے کی کوئی چیز نہ لائیں۔ مسجد الحرام میں جانے اور وہاں سے نکلنے کے اوقات کا احترام کریں۔
یاد رہے کہ محدود عمرہ پروگرام کا پہلا مرحلہ اتوار چار اکتوبر کو شروع ہوا تھا۔ اس کے تحت ہر دن چھ ہزار عمرہ زائرین کو مسجد الحرام آنے کی اجازت دی گئی تھی۔ زائرین کا دائرہ سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں تک محدود رکھا گیا۔ یہ تعداد حرم مکی کی تیس فیصد گنجائش کے مطابق تھی۔