سعودی عرب میں مکہ میونسپلٹی نے ملاوٹی زمزم کے 23 کین ضبط کیے ہیں۔ غیرقانونی طریقے سے فروخت کیے جارہے تھے۔ حفظان صحت کے ضوابط کی پابندی بھی نہیں کی جارہی تھی۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق المسفلہ بلدیاتی کونسل کے چیئرمین یاسر مکاوی نے بتایا کہ غیر قانونی طریقے سے آب زمزم کے کین فروخت کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔
انہو ں نے مزیدد کہا کہ آب زمزم کے کین دھوپ میں رکھ کر فروخت کیے جارہے تھے۔ انہیں ذخیرہ کرنے کا طریقہ کار بھی غلط تھا۔ عام لوگوں کو فٹ پاتھوں، سڑکوں پر آب زمزم کے فروخت کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ ریڑھی کے ذریعے گھوم پھر کر آب زمزم کے کین فروخت نہیں کیے جا سکتے۔
المسفلہ بلدیہ کے چیئرمین نے انتباہ دیا کہ کونسل کے انسپکٹرز صحت عامہ سے تعلق رکھنے والی تمام سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں۔
روزانہ کی بنیاد پر چھاپے مارے جارہے ہیں۔ حفظان صحت کے ضوابط کے منافی سرگرمیوں کے خاتمے اور محفوظ صحت بخش ماحول کی فراہمی کو یقینی بنایا جارہا ہے۔