’ہر سال مزار قائد پر جا کر نعرے لگاؤں گا‘
پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما کیپٹن (ریٹائرڈ) محمد صفدر نے کہا ہے کہ وہ ہر سال 18 اکتوبر کو مزار قائد پر جا کر مادر ملت زندہ باد کے نعرے لگائیں گے۔
لاہور میں انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے بتایا کہ مزار قائد پر حاضری کے دوران انہوں نے بابائے قوم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ’بابائے قوم جس کو آپ نے شہہ رگ قرار دیا تھا اس کو غلط پالیسیوں کی وجہ سے کاٹ دیا گیا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ مادر ملت نے چٹاگانگ میں ایک جلسے کے دوران کہا تھا کہ اگر ووٹ کی عزت کو پہچانو گے تو ملک بچے گا اور ووٹ کو عزت دو گے تو ملک بچے گا۔ ’اس لیے میں نے مزار قائد پر حاضری کے دوران ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگایا۔‘
کیپٹن صفدر نے کہا ’میں نے سوچا کہ ان لوگوں کو بھی پیغام دوں جنہوں نے مادر ملت کو غدار قرار دیا تھا اس لیے مادر ملت زندہ باد کے نعرے لگائے۔‘
انہوں نے سوال کیا کہ مادر ملت زندہ باد کا نعرہ لگانے میں غلط کیا ہے؟ کیپٹن صفدر نے کہا اب وہ ہر سال 18 اکتوبر کو کراچی جاکر مزار قائد پر یہ نعرے لگائیں گے۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا ’مزار قائد پر حاضری کے دوران میں نے سوچا مادر ملت کے ساتھ زیادتی کرنے والوں کو بھی پیغام دوں۔ مادر ملت کے الیکشن کو چوری کیا گیا جس کے نتیجے میں ملک دولخت ہوا۔ میں نے (مزار پر حاضری کے دوران) مادر ملت سے کہا کہ آپ کا بھی الیکشن چوری ہوا اور 2018 میں ہمارا الیکشن بھی چوری کیا گیا۔‘
مزار قائد پر حاضری کے دوران نعرے بازی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ’ اگر گلی میں بچوں کو مار پڑتی ہے تو وہ ماں باپ کے پاس جاتے ہیں اور کہتے ہیں امی مجھے مارا گیا۔ میں بھی امی کے پاس گیا اور کہا ماں جنہوں نے آپ کا الیکشن چوری کیا انہوں نے ہمارا والا بھی چوری کیا۔‘
’اگر ماں سے استدعا کرنا جرم ہے تو پھر ہم یہ جرم کرتے رہیں گے اگر ماں کو زندہ باد کہنا جرم ہے تو یہ جرم کرتے رہیں گے اگر بابائے قوم کے قدموں کو بوسہ دینا جرم ہے تو یہ جرم کرتے رہیں گے۔‘
پیر کی صبح مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر کو مزار قائد کی بے حرمتی اور شہری کو دھمکیاں دینے کے مقدمے میں گرفتار کیا گیا تھا، بعد ازاں ان کو ضمانت پر رہا کیا گیا۔