Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ذہنی دباؤ جِلد کا دشمن، مگر بچیں کیسے؟

باقاعدگی کے ساتھ صفائی کر کے ہی جلد کے مسائل سے بچا جا سکتا ہے۔ فوٹو: پکسا بے
اگر آپ کو لگتا ہے کہ لاک ڈاؤن کے بعد سے آپ کی جلد متاثر ہوئی ہے تو آپ اکیلی نہیں ہیں۔ موجودہ صورت حال آپ کی ذہنی حالت کے علاوہ آپ کے چہرے کی رنگت پر بھی اثرانداز ہو سکتی ہے۔
ماہر جلد ڈاکٹر کوسٹی نے اس حوالے سے عرب نیوز کو بتایا کہ ’ذہنی دباؤ بہت سی شکلوں میں جلد کو متاثر کر سکتا ہے، ذہنی دباؤ کی وجہ سے ہمارا جسم زیادہ کولیسٹرول پیدا کرتا ہے جو دباؤ کا ایک ہارمون ہے اور یہ جلد کے لیے کئی مسائل کی وجہ بن سکتا ہے۔‘
کولیسٹرول بڑھنے سے جسم میں صرف تیل کی مقدار ہی نہیں بڑھتی بلکہ سوزش میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔
کوسٹی نے بتایا کہ ’ذہنی دباؤ ہمارے مدافعتی نظام میں سوزش یا جلن پیدا کر دیتا ہے تو ایسی صورت میں اگر آپ کو چنبل، ایگزیما یا جلد ورم کا مسئلہ ہے تو وہ انتہائی شدید ہو سکتا ہے۔‘
اس طرح ذہنی دباؤ جلد پر براہ راست اثرانداز ہوتا ہے اور عمر بڑھنے کے قدرتی اثرات بھی اس کی زد میں آتے ہیں جس کی وجہ سے وقت سے قبل جھریاں نمودار ہوتی ہیں۔

ورزش کرکے ذہنی دباؤ اور جلد کے حوالے سے پیدا ہونے والے مسائل سے بھی بچا جا سکتا ہے۔ فوٹو انسپلیش

 ذہنی دباؤ کی وجہ سے جلد پر پڑنے والے اثرات سے بچنے کے لیے ڈاکٹر تجویز کرتی ہیں کہ اپنے معمول کو کچھ اس طرح سے آگے بڑھایا جائے کہ جلد کو نقصان پہنچے کا اندیشہ نہ رہے۔
’اپنی جلد کو باقاعدگی سے صاف کریں، ضروری ہے کہ اپنی جلد کی مناسبت سے موئسچرائزر بھی استعمال کریں‘  

احتیاط کے ساتھ ساتھ بازار میں دستیاب فارمولوں سے بھی فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔ فوٹو انسپلیش

کوسٹی نے ورزش کی اہمیت پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ ’چست رہ کر اور پسینہ بہا کر آپ جسم میں پیدا ہونے والی منفی چیزوں سے بچ سکتے ہیں اور آپ کے خون کا بہاؤ بھی بہتر رہتا ہے، اس سے نہ صرف ذہنی دباؤ کم ہوتا ہے بلکہ مجموعی طور پر صحت پر بھی خوشگوار اثرات مرتب ہوتے ہیں۔‘
انہوں نے یہ بھی یاد دہانی کروائی کہ اس دوران اپنی خوراک کے حوالے سے ضروری باتوں کو بھی نہیں بھلانا چاہیے۔
’زیادہ پانی پیئیں، کیفین کی مقدار کم کریں اور موسمی سبزیاں اور پھل کھائیں۔‘
انہوں نے جلد کے حوالے سے مسائل کے بارے میں کچھ ٹپس بھی دیں جو کچھ یوں ہیں۔

ڈپریشن کا براہ راست اثر آپ کے کمپلیشن پر پڑتا ہے۔ فوٹو انسپلیش

عام مسائل
داغ، دھبے اور مہاسے ذہنی دباؤ کے عام سائڈ ایفیکٹس ہیں، ’اس قسم کی چیزیں آلودگی اور بند مساموں کی وجہ سے ہوتی ہیں، جن کا صرف ایک ہی علاج ہے اور وہ ہے جلد کی بھرپور صفائی۔‘
اس کے لیے کچھ فارمولے بھی بازار میں دستیاب ہیں جن کو استعمال کیا جا سکتا ہے۔
خشکی
کوسٹی کے مطابق خشک جلد اپنا نکھار اور چمک کھو سکتی ہے اور جھری زدہ نظر آتی ہے، ’وہ لوگ جن کی جلد خشدک ہے ان کو اے ایچ اے اور ریٹینول پر مشتمل پروڈکٹس استعمال کرنی چاہییں جو جلد کو نرم کرتی ہیں اور فرحت پہنچاتی ہیں۔ ضروری یہ بھی ہے کہ ان چیزوں کو استعال کرتے ہوئے سن سکرین کا استعمال بھی کریں کیونکہ یہ جلد کو دھوپ کے مقابلے میں مزید حساس بنا سکتی ہیں۔
سرخ پن
وہ لوگ جو کچھ زیادہ ہی حساس جلد رکھتے ہیں ان کو زیادہ محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔ ڈاکٹر نے اس امر پر زور دیا کہ وہ اپنے معمول میں کچھ باتوں کو مدنظر رکھیں۔ اس کے لیے وہ کچھ چیزیں استعمال کر سکتی ہیں جیسے niacinamide  اور Squalene انہوں نے اس کے لیے Foreo UFO 2 فیشل ٹریٹمنٹ پر بھی زور دیا، یہ جلد کو تسکین دینے کے لیے اہم ہے۔

وٹامن سی پر مشتمل سیرم جلد کے لیے مفید ہے۔ فوٹو انسپلیش

سُستی یا شکستگی
اس صورت میں  آپ کی جلد کو بہتر بنائے جانے کی ضرورت ہے جس کے لیے وٹامن سی بہتر ہے۔ اس سے بنا سیرم جس میں حیاتیاتی کیمیا اور موئسچرائزر شامل ہوں، اس سے جلد کی سستی یا شکستگی پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے تجویز کیا کہ ان چیزوں سے بنے ماسک کو ہفتے میں دو بار چہرے پر لگائیں۔
باخبر رہیں، اردو نیوز کو ٹوئٹر پر فالو کریں

شیئر: