پاکستان اور زمبابوے کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پہلا ایک روزہ میچ 30 اکتوبر کو راولپنڈی میں کھیلا جائے گا (فوٹو: اے ایف پی)
آئندہ ماہ لاہور میں سموگ کی ممکنہ شدت کی اطلاعات موصول ہونے پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کھلاڑیوں کی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے لاہور میں ہونے والے میچز کو راولپنڈی اور کراچی منتقل کردیا ہے۔
جمعے کو پی سی بی کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق ’پاکستان اور زمبابوے کے درمیان سیریز کے تینوں ٹی ٹوئنٹی میچز اب راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے جبکہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2020 کے بقیہ چاروں میچز اب کراچی میں ہوں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو وسیم خان کا کہنا ہے کہ ہم گذشتہ چند ہفتوں سے موسم کی بدلتی ہوئی صورت حال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے تھے۔
’جوں ہی ہمیں لاہور میں آئندہ ماہ سموگ کی شدت میں اضافے کی معلومات ملیں تو ہم نے کھلاڑیوں کی صحت پر سمجھوتہ کرنے کے بجائے فوری طور پر ان میچز کو راولپنڈی اور کراچی منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔‘
وسیم خان نے مزید کہا کہ ’پی سی بی کو افسوس ہے کہ لاہور کو مسلسل دوسری مرتبہ پی ایس ایل کے پلے آف میچز کی میزبانی نہیں مل رہی مگر ہمارے لیے کھلاڑیوں اور آفیشلز کی صحت سب سے عزیز ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ زمبابوے کرکٹ اور پی ایس ایل کی فرنچائزز نے ہمارے فیصلے کو تسلیم کیا ہے، اس موقع پر ہم وفاقی اور صوبائی ایجنسیوں کے تعاون پر ان کے شکرگزار ہیں۔
زمبابوے کی کرکٹ ٹیم ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے کے لیے اس وقت راولپنڈی میں موجود ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان اور زمبابوے کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پہلا ایک روزہ میچ 30 اکتوبر کو راولپنڈی میں کھیلا جائے گا، دونوں ٹیمیں دوسرے ون ڈے میچ کے لیے یکم نومبر کو آمنے سامنے ہوں گی جبکہ تیسرے اور آخری ایک روزہ میچ کے لیے دونوں ٹیمیں تین نومبر کو میدان میں اتریں گی۔
نئے شیڈول کے مطابق میزبان پاکستان اور زمبابوے کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ 7 نومبر کو راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ 8 نومبر جبکہ تیسرا ٹی ٹوئنٹی میچ 10 نومبر کو پنڈی سٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔ اس سے قبل یہ میچز لاہور میں کھیلے جانا تھے۔
یاد رہے کہ زمبابوے کی کرکٹ ٹیم دورہ پاکستان کے لیے 20 اکتوبر کو اسلام آباد پہنچی تھی اور اس کے کھلاڑی 27 اکتوبر تک آئسولیشن میں رہیں گے۔