کیفے میں خفیہ راستوں کے ذریعے لوگوں کو لایا جاتا تھا(فوٹو، سبق نیوز)
طائف میں تفتیشی کمیٹی نے غیر قانونی طور پر حقہ اور شیشہ کیفے چلانے والوں کو گرفتار کر کے کیفے سیل کردیا۔
ویب نیوز ’سبق ‘ کے مطابق کورونا وائرس کے پھیلاو کو روکنے اور اس مہلک مرض سے لوگوں کو محفوظ رکھنے کی خاطر وزارت صحت کی جانب سے احتیاطی تدابیر کے تحت شیشہ اور حقہ کیفوں پر عارضی پابندی عائد کی ہوئی ہے ۔
اس حوالے سے تفتیشی کمیٹی کو اطلاع ملی تھی کہ طائف شہر کے مضافات میں ایک حقہ اور شیشہ کیفے کھلا ہے جہاں کارکنوں نے خفیہ دروازے بنائے ہوئے ہیں جن کے ذریعے گاہکوں کو کیفے میں لایا جاتا ہے۔
شیشہ اور حقہ فراہم کرنے والے کارکن کسی قسم کی احتیاطی تدابیر بھی اختیار نہیں کرتے تھے جس سے اندیشہ یہ تھا کہ کورونا کی وبا پھیل سکتی ہے۔
قانون نافذکرنے والے اداروں پر مشتمل تفتیشی کمیٹی کے اہلکاروں نے کارکنوں کو حراست میں لے کر کیفے کے مالک کے خلاف ایف آئی ار درج کرتے ہوئے کیفے کو مکمل طور پر سیل کردیا۔
اس ضمن میں اخبار کا کہنا ہے کہ کیفے کی بیرونی لائٹیں بند رکھی جاتی تھیں جبکہ کچھ کارکن باہر ٹہلتے رہتے جو آنے والوں کو خفیہ راستے سے کیفے میں لاتے تھے