Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ون ڈے سیریز پاکستان کے نام

زمبابوے نے ٹاس جیت پاکستان کے خلاف پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان نے زمبابوے کو دوسرے ایک روزہ میچ میں چھ وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔ آل راؤنڈ کارکردگی پر افتخار احمد کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
پاکستان کے چار کھلاڑی امام الحق 49، عابد علی 22 ، حیدر علی 29 اور رضوان ایک رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
کپتان بابر اعظم 77 رنز بنا کر ناقابلِ شکست رہے۔ انہوں نے اپنی اننگز میں دو چھکے بھی لگائے۔ ان کے ساتھ افتخار احمد 16 رنز بنا کے ناٹ آؤٹ رہے۔
اس سے قبل ٹاس جیت کر پہلے کھیلتے ہوئے زمبابوے کی پوری ٹیم 45.1 اوورز میں 206 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
زمبابوے کے آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی ممبا تھے جو گیارہ رنز بنانے کے بعد محمد موسیٰ کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے۔

 

چامو چیبابا کو حارث رؤف نے آؤٹ کیا، کریگ ایروائن محمد موسیٰ کی گیند پر پولین لوٹے جبکہ برائن چاری فہیم اشرف کا شکار ہوئے۔
اسی طرح برینڈن ٹیلر بھی 36 رنز بنانے کے بعد افتخار احمد کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے اور ان کے بعد آنے والے بلے باز بھی 10 رنز بنا سکے اور افتخار احمد نے انہیں بھی ڈھیر کر دیا۔
افتخار احمد نے بہترین بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سکندر رضا اور ٹینڈائی چیسورو کو بھی آؤٹ کیا۔ افتخار احمد نے پانچویں وکٹ سین ولیمز کو آؤٹ کر کے حاصل کی۔
پاکستان کی جانب سے افتخار احمد نے پانچ جبکہ محمد موسیٰ نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
زمبابوے کے ٹیلر نے 36 جبکہ سین ولیمز نے 75 رنز بنائے۔ 
اے ایف پی کے مطابق دوسرے ایک روزہ میچ میں پاکستانی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئیں، وہاب ریاض اور حارث سہیل کی جگہ حیدر علی اور موسیٰ خان نے ڈیبیو کیے۔ 
پاکستان نے جمعے کو پہلے ایک روزہ میچ میں زمبابوے کو 26 رنز سے ہرا کر تین ایک روزہ میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کی۔
بابر اعظم کی قیادت میں کھیلے گئے پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو 282 رنز کا ہدف دیا تھا۔
ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کی ٹیم اننگز کے آغاز سے مشکلات کا شکار ہو گئی اور 49.4 اوورز میں 255 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
زمبابوے کی اننگز میں خاص بات برینڈن ٹیلر کی سنچری تھی جنہوں نے 116 گیندوں پر 11 چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 112 رنز بنائے۔ شاہین شاہ آفریدی کی بال پر وہاب ریاض نے ان کا کیچ لیا۔
زمبابوے کی جانب سے میدھیور نے 55 جبکہ اروِن نے 41 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی اور وہاب ریاض نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مہمان ٹیم کے 9 بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
شاہین شاہ آفریدی نے 10 اوورز میں 49 رنز دے کر 5 اور وہاب ریاض نے 9.4 اوورز میں 41 رنز کے عرض 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ عماد وسیم نے ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل زمبابوے کے خلاف ٹاس جیت کر پاکستان نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 281 رنز بنائے۔

زمبابوے کی جانب سے مزارابانی اور چِسورو نے دو دو وکٹیں حاصل کیں (فوٹو: اے ایف پی)

پاکستان کی جانب سے حارث سہیل نے 71 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ امام الحق 58 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوگئے۔ عماد وسیم نے 34 جبکہ فہیم اشرف نے 23 رنز بنائے۔
زمبابوے کی جانب سے مزارابانی اور چِسورو نے دو دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ ممبا اور سکندر رضا نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
پاکستان کی جانب سے حارث رؤف اپنا پہلا ایک روزہ میچ کھیل رہے تھے جب کہ ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں میں فخر زمان، عابد علی، امام الحق، حارث سہیل، محمد رضوان، افتخار احمد، فہیم اشرف، عماد وسیم، وہاب ریاض اور شاہین آفریدی شامل تھے۔
پاکستان اور زمبابوے کی ٹیمیں تیسرے اور آخری ایک روزہ میچ کے لیے تین نومبر کو میدان میں اتریں گی۔
شیڈول کے مطابق میزبان پاکستان اور زمبابوے کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ 7 نومبر کو راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ 8 نومبر جبکہ تیسرا ٹی ٹوئنٹی میچ 10 نومبر کو پنڈی سٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔ اس سے قبل یہ میچز لاہور میں کھیلے جانا تھے۔

شیئر:

متعلقہ خبریں