ابوظبی کے ولی عہد کی فرانس میں دہشت گرد حملوں کی مذمت
ابوظبی کے ولی عہدمحمد بن زاید النہیان نے فرانسیسی صدر امانویل میخواں کے ساتھ ٹیلی فون پر گفتگو کی (فوٹو: اے ایف پی)
ابوظبی کے ولی عہد محمد بن زاید النہیان نے فرانس میں دہشت گرد حملوں کی مذمت کی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق ابوظبی کے ولی عہد محمد بن زاید النہیان نے فرانسیسی صدر امانویل میخواں کے ساتھ ٹیلی فون پر گفتگو کی۔
ابوظبی کے ولی عہد نے کہا ہے کہ وہ نفرت انگیز تقاریر کو مسترد کرتے ہیں۔
شیخ زاید بن النہیان نے کہا کہ فرانس میں حالیہ دہشت گرد حملے تمام ابراہیمی مذاہب کی تعلیمات کے منافی ہیں جو امن، محبت، رواداری اور زندگی کی حرمت کی تعلیمات دیتے ہیں۔
ولی عہد نے فرانسیسی صدر سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ایک عرب اور مسلم ملک کی حیثیت سے متحدہ عرب امارات کا موقف واضح ہے اور رواداری اور تعاون کو اہمیت دیتا ہے۔
جمعرات کو فرانس کے شہر نیس میں ایک چرچ کے قریب حملے میں تین افراد ہلاک ہوئے تھے۔ حملہ آور نے چاقو سے حملہ کیا تھا۔
اس کے بعد سنیچر کو فرانس میں ایک چرچ پر فائرنگ سے ایک یونانی آرتھوڈوکس پادری زخمی ہو گئے تھے۔
یہ فرانس میں دو ہفتوں کے دوران ہونے والا تیسرا حملہ تھا۔
اس سے قبل 17 اکتوبر کو فرانس کے دارالحکومت پیرس میں ایک حملہ آور نے استاد کا سرقلم کر دیا تھا۔