Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اب تک کورونا سے 12 لاکھ ہلاکتیں

ڈبلیو ایچ او کے سربراہ آنے والے دنوں میں گھر سے کام کریں گے (فوٹو: اے ایف ہی )
دنیا بھر میں کورونا وائرس کی دوسری لہر جاری ہے اور کئی ممالک اس وبا کا مقابلہ کرنے کے لیے دوبارہ لاک ڈاؤن اور سخت پابندیوں کی طرف جا رہے ہیں۔
اس عالمی وبا سے اب تک دنیا بھر میں 4 کروڑ 64 لاکھ 26 ہزار سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں جبکہ 12 لاکھ افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔
امریکہ کورونا کی وبا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے جہاں مریضوں کی تعداد 92 لاکھ سے زائد ہو چکی ہے جبکہ ملک میں 2 لاکھ 30 ہزار سے زائد ہلاکتیں ہوئی ہیں۔

 

امریکہ کے بعد انڈیا کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جہاں 81 لاکھ 84 ہزار سے زائد افراد اس مرض میں مبتلا ہوئے ہیں۔
انڈیا میں اب تک ایک لاکھ 22 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
امریکہ اور انڈیا کے بعد برازیل وبا سے متاثر ہونے والا تیسرا بڑا ملک ہے۔ برازیل میں 55 لاکھ 45 ہزار سے زائد افراد وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جبکہ ایک لاکھ 60 ہزار سے زائد اموات ہو چکی ہیں۔
دوسری جانب عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ٹیڈروس ایڈہا نوم نے اتوار کو دیے گئے بیان میں کہا تھا کہ کورونا ٹیسٹ مثبت آنے والے ایک شخص سے ملاقات کے بعد انہوں نے خود کو ذاتی طور پر قرنطینہ کر لیا ہے جب کہ انہوں نے اس بات پر زور دیا ہے کہ ان میں کورونا کی کوئی علامت موجود نہیں ہے۔
ڈاکٹر ٹیڈروس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا تھا کہ ’میری ملاقات کسی ایسے شخص سے ہوئی ہے جن کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔‘
اس حوالے سے مزید بات کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ ’میں خیریت سے ہوں اور مجھ میں کورونا کی کوئی بھی علامت نہیں ہے، لیکن آںے والے دنوں میں خود کو قرنطینہ کرنے کے بعد ڈبلیو ایچ او کی ہدایات کے مطابق گھر سے کام کریں گے۔‘
ٹیڈروس اس وبائی بیماری سے لڑنے کے لیے اقوام متحدہ کی صحت ایجنسی کی جانب سے کی جانے والی کوششوں میں سب سے آگے رہے ہیں۔‘
گذشتہ سال چین سے پھیلنے والے اس وائرس نے دنیا بھر میں تقریباً 1.2ملین زندگیوں جب کہ 46 ملین سے زائد افراد کو متاثر کیا ہے۔

شیئر: