پی آئی اے کے پانچ ملازمین برطرف
ترجمان کے مطابق 38 ملازمین کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی (فوٹو: اے یف پی)
پاکستان کی سرکاری ہوائی کمپنی پی آئی اے کے مطابق جعلی تعلیمی اسناد کے حامل پانچ ملازمین کو ملازمت سے فارغ کر دیا ہے جبکہ دیگر کئی ملازمین کے خلاف بھی محکمانہ کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔
پیر کو پی آئی اے کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق اکتوبر کے مہینے میں 38 ملازمین کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔
پی آئی اے کے شبعہ ہیومن ریسورس نے ملازمین کے خلاف کی جانے والی کارروائی کی فہرست جاری کی ہے جس کے مطابق پی آئی اے نے بغیر اطلاع کے کئی عرصے سے غیر حاضر چھ ملازمین کو فارغ کر دیا جبکہ سرکاری معلومات غیر قانونی طور پر افشا کرنے کے الزام پر ایک ملازم کو برطرف کر دیا گیا ہے۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق بدعنوانی اور غبن میں ملوث پانچ ملازمین کو برخاست کیا گیا جبکہ سمگلنگ میں ملوث ایک ملازم کو برطرف کر دیا ہے۔
ترجمان کے مطابق سرکاری دستاویزات کی چوری اور ریکارڈ کو نقصان پہنچانے پر پانچ ملازمین کو برخاست کیا گیا ہے، اسی طرح پی آئی اے نے احکامات کے مطابق کام نہ کرنے پر تین ملازمین کی تنزلی کر دی ہے۔
ترجمان کے مطابق پی آئی اے نے ایس او پیز کی خلاف ورزی کر نے والے پانچ ملازمین کی تنخواہ میں کمی کر دی ہے جبکہ سات ملازمین کو تادیبی خطوط جاری کیے گئے ہیں۔
اس کے علاوہ 10 ملازمین ضابطے کی کارروائی کے بعد بے قصور پائے گئے ہیں جبکہ اچھی کارکردگی کے حامل 11ملازمین کو تعریفی اسناد بھی جاری کی گئیں اور پانچ ملازمین کو کیش ایوارڈ بھی دیے گئے۔