امریکہ میں صدارتی الیکشن کی دوڑ اور ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ’ووٹوں کی گنتی روکو‘ کی ٹویٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے 17 برس کی گریٹا تھنبرگ کا کہنا تھا کہ ’بہت مضحکہ خیز۔ صدر ٹرمپ کو اپنے غصے کے مسائل پر کام کرنا چاہیے، اور اس کے بعد انہیں کسی دوست کے ساتھ ایک اچھی پرانے فیشن کی فلم دیکھنی چاہیے! سُکون ڈونلڈ سُکون!‘
ان کی اس ٹویٹ کو اب تک 12 لاکھ افراد لائیک کر چکے ہیں جبکہ دو لاکھ 66 ہزار نے اسے ری ٹویٹ کیا ہے۔
واضح رہے کہ گذشتہ برس امریکہ کے ٹائم میگزین نے گریٹا تھنبرگ کو ’سال 2019 کی شخصیت‘ قرار دیا تھا۔ اس پر صدر ٹرمپ نے گذشتہ برس دسمبر میں گلوبل وارمنگ روکنے کے حوالے سے حکومتوں سے اُن کی متاثر کن گزارش پر بالکل ایسے ہی انداز میں طنز کیا تھا۔
ٹرمپ کا اپنی ٹویٹ میں کہنا تھا کہ ’بہت مضحکہ خیز۔ گریٹا کو اپنے غصے کے مسائل پر کام کرنا چاہیے، اور اس کے بعد کسی دوست کے ساتھ ایک اچھی پرانے فیشن کی فلم دیکھیں! ’سکون گریٹا سکون۔‘
صدر ٹرمپ نے کسی اور شخص کی ٹویٹ پر کمنٹ کیا تھا جس نے گریٹا کو ٹائم میگزین کے شمارے پر مبارک باد دی تھی۔
گریٹا تھنبرگ نے اس وقت اپنے ٹوئٹر کی بائیوگرافی کو اپ ڈیٹ کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ’ایک نو عمر اپنے غصے کے مسائل پر کام کر رہی ہے۔ اس وقت وہ سکون کر رہی ہے اور ایک دوست کے ساتھ ایک پرانے فیشن کی اچھی فلم دیکھ رہی ہے۔‘
واضح رہے کہ امریکہ کے حالیہ صدارتی انتخاب میں صدر ٹرمپ کے دوبارہ جیتنے کے امکانات ہو رہے ہیں کیونکہ اہم سوئنگ سٹیٹس میں ان کے حریف ڈیموکریٹک پارٹی کے امیدوار جو بائیڈن ان سے آگے جا رہے ہیں۔
صدر ٹرمپ نے جمعرات کو وائٹ ہاؤس سے ملک کے جمہوری نظام پر ایک غیر معمولی حملہ کیا، انہوں نے الزام لگایا تھا کہ ان کا الیکشن ’چوری‘ کیا گیا ہے۔