حائل پولیس کے تفتیشی دورے، ماسک نہ پہننے والوں کو جرمانے
اتوار 15 نومبر 2020 10:03
’ تفتیشی دورہ شہر بھر میں بیک وقت کیا گیا جس کا مقصد ایس او پیز پر عمل درآمد کرانا تھا‘ (فوٹو: سبق)
حائل پولیس نے ماسک اور ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرنے کے لیے تفتیشی دورے کیے ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق حائل کی مختلف مارکیٹوں، شاپنگ مالز اور عوامی مراکز کے علاوہ پارکوں میں ماسک نہ پہننے والوں اور سماجی دوری کا اہتمام نہ کرنے والوں کو جرمانے کیے گیے ہیں۔
حائل پولیس نے کہا ہے کہ ’تفتیشی دورہ شہر بھر میں بیک وقت کیا گیا جس کا مقصد ایس او پیز پر عمل درآمد کرانا تھا‘۔
’تمام شہریوں اور غیر ملکیوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ گھر سے باہر ماسک پہننے کے علاوہ سماجی دوری کا اہتمام کریں اور بھیڑ لگانے سے بچیں‘۔
’وزارت داخلہ کے ضوابط کے مطابق ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کو جرمانے ہوں گے‘۔
پولیس نے کہا ہے کہ ’تفتیشی دورے کے دوران مختلف دکانوں کے خلاف بھی کارروائی ہوئی ہے جہاں ایس او پیز کی پابندی نہیں کی جارہی تھی‘۔