فائرز کی کورونا ویکسین ’95 فیصد موثر‘
دفائزر نے کہا ہے کہ کورونا ویکسین کے مضر اثرات نہیں ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
جرمن دواساز کمپنی فائزر نے کہا ہے کہ اس کے حتمی ٹرائل میں کورونا وائرس کی ویکسین 95 فیصد موثر ثابت ہوا ہے۔
خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق فائزر نے کہا ہے کہ اس نے کورونا وائرس کی تجرباتی ویکسین سے متعلق اپنی تحقیق مکمل کر لی ہے۔
دواساز کمپنی کا کہنا ہے کہ اس ویکسین کے مضر اثرات نہیں ہیں۔
کمپنی نے کہا ہے کہ کچھ دنوں میں وہ اس کے ہنگامی استعمال کے لیے امریکی اداروں سے اجازت لیں گے۔
فائزر نے آٹھ مہینوں تک اس ویکسین کے ٹرائلز کیے ہیں۔
ایک ہفتہ قبل فائزر نے کہا تھا کہ اس کی کورونا وائرس کی ویکسین 90 فیصد موثر ہے۔
فائزر کے چیئرمین اور سی ای او البرٹ بورلا نے ایک بیان میں کہا تھا کہ ویکسین کے تیسرے آزمائشی مرحلے کے نتائج سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ یہ ویکسین کورونا وائرس کو روکنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
دوسری جانب پیر کو امریکہ کی بائیو ٹیکنالوجی کمپنی موڈرنا کی جانب سے بھی کہا گیا تھا کہ کلینکل ٹرائلز کے ابتدائی نتائج کے مطابق اس کی کورونا کی ویکسین 94.5 فیصد موثر ہے۔
موڈرنا کے سی ای او سٹیفن بانسل کا کہنا ہے کہ ’اس کے فیز تھری کے مطالعے سے اس بات کی توثیق ہوتی ہے کہ ہماری ویکسین کورونا کی بیماری سے بچا سکتی ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ موڈرنا اکیلے اس مسئلے کو حل نہیں کرے گی۔ اس وبا کو ختم کرنے کے لیے کئی ویکسینز درکار ہوں گی۔