Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ممبئی میں’کراچی سویٹس‘ کا نام تبدیل

’کراچی سویٹس شاپ‘ کا نام تبدیل کرانے والے شیو سینا رہنما کی ویڈیو وائرل ہوئی ہے (فوٹو: سکرین گریب)
انڈیا کی حکمراں جماعت بی جے پی کی اتحادی شیو سینا کے ایک رہنما نے مبینہ طور پر ممبئی کی ’کراچی سویٹس‘ شاپ کے مالک سے دکان کے نام سے لفظ کراچی نکلوا دیا۔
انڈین خبررساں ادارے اے این آئی کے مطابق مقامی سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں شیوسینا کے رہنما نتن نندگاؤکر ممبئی کے باندرہ ویسٹ میں واقع کراچی سویٹ شاپ کے مالک کو کہتے ہیں کہ وہ نام ’کراچی‘ کو تبدیل کریں۔
خبررساں ادارے کے مطابق ویڈیو میں مبینہ تنبیہہ کرتے ہوئے شیوسینا کے رہنما کہتے ہیں کہ ’ہم مہلت دے رہے ہیں تمہیں یہ کرنا ہو گا۔ کراچی کو مراٹھی زبان کے کسی لفظ سے بدل لو‘۔

سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شیوسینا رہنما کے اس مطالبے پر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا گیا تو کچھ ایسے بھی تھے جنہوں نے اپنے انداز میں اس کا دفاع کیا۔

گفتگو کا حصہ بننے والے کچھ شرکا ایسے بھی تھے جنہوں نے صرف ایک دکان کے نام سے لفظ کراچی نکلوانے کا ذکر کیا تو لکھا کہ یہاں بہت سے ایسی دکانیں ہیں جن کے ناموں میں کراچی، لاہور، ملتان وغیرہ کا ذکر ہے۔

کچھ صارفین نے ایک قدم آگے بڑھ کر انڈین تاجروں کی دکانوں کے ناموں میں پاکستانی شہروں کے ذکر کے پس پردہ وجوہات تک پہنچنے کی کوشش کی۔ ایسے ہی ایک صارف نے لکھا ’شیو سینا اپنے رہنما کو ٹیوشن کلاسیں دلواؤ۔ ہجرت کرنے والے سندھیوں کے بہت سے کاروبار ایسے ہیں جن کے ناموں میں کراچی شامل ہے۔

نام کی تبدیلی کے لیے کی گئی تنبیہہ سے متعلق یہ گفتگو جاری تھی کہ اسی دوران انڈین خبررساں ادارے نے ایک اور ٹویٹ میں بتایا کہ ’مبینہ طور پر باندرا ویسٹ کی دکان کے مالک نے شیو سینا رہنما کی جانب سے نام سے لفظ کراچی ہٹانے کے مطالبے کے بعد کراچی کو چھپا دیا ہے‘۔

اس نئی پیشرفت پر تبصرہ کرنے والے کچھ صارفین نے انڈین کتابوں، سڑکوں اور مقامات کے ناموں سے مغلوں کے نام ہٹانے کا مطالبہ کیا تو کچھ ایسے بھی تھے جو بی جے پی کی ریاستی وزیراعلی کا ذکر نکال لائے۔

اترپردیش کے وزیراعلی یوگی ادیتیا ناتھ سے متعلق ماضی میں یہ خبریں سامنے آ چکی ہیں کہ انہوں نے میلاد النبی اور جمعۃ الوداع کی چھٹیاں ختم کرنے کے علاوہ کچھ مقامات کے نام بھی تبدیل کیے ہیں۔

شیئر: