مسافر پرواز کے وقت سے2 گھنٹے قبل ہوائی اڈے پر پہنچیں(فوٹو،ٹوئٹر)
غیر یقینی موسم کی صورتحال کی وجہ سے السعودیہ ائیرکی جانب سے مسافروں کو2 گھنٹے پہلے ائیر پورٹ پہنچنے کی تاکید کی گئی ہے۔
سعودیہ ائیر لائن نے ٹوئٹر پر مسافرکے نام ہدایات نامہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ مملکت کے مختلف شہروں میں ان دنوں موسم غیریقینی رہنے کی پیش گوئی کی وجہ سے مسافروں کو چاہئے کہ وہ موسمی حالات کو مدنظررکھتے ہوئے پرواز کے مقررہ وقت سے کم از کم 2 گھنٹے قبل ہوائی اڈے پر پہنچیں۔
ویب نیوز ’سبق‘ نے سعودیہ ائیرلائن کی جانب سے جاری ہدایت کے حوالے سے کہا ہے کہ محکمہ موسمیات کی اطلاع کے مطابق جمعرات کی شب سے مملکت میں متوقع باد وباراں اور گردو غبار کے پیش نظر مسافروں کواحتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے مذکورہ ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
واضح رہے سعودی عرب میں محکمہ موسمیات کی جانب سے مختلف شہروں اور علاقوں میں طوفانی بارشوں اور گردوغبار کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
اس حوالے سے بعض اخبارات کا کہنا ہے کہ جدہ میں بھی شدید بارشیں متوقع ہیں۔ محکمہ موسمیات کی رپورٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے شہری دفاع کی جانب سے بھی تمام شہروں میں حفاظتی اقدامات مکمل کرلیے گئے۔
حفاظتی اقدامات کے تحت شہروں میں ایسے انڈرپاسز جہاں پانی کی نکاسی کا انتظام نہیں وہاں شہری دفاع اور بلدیہ کی ٹیموں نے مشترکہ طورپر ہیوی ڈیوٹی پمپس نصب کردیئے ہیں جبکہ شہری دفاع کے امدادی یونٹس کو بھی مختلف مقامات پر متعین کردیاگیاہے