کورونا ویکسین کی تقسیم، کمپنیاں کیا غیر معمولی اقدامات کر رہی ہیں؟
کورونا ویکسین کی تقسیم، کمپنیاں کیا غیر معمولی اقدامات کر رہی ہیں؟
ہفتہ 5 دسمبر 2020 6:57
موڈرنا کے بنائے گئے فریزر کی طلب میں بھی اضافہ دیکھا جا رہا ہے جو منفی 22 فارن ہائیٹ تک ٹھنڈک پہنچاتے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی
عالمی وبا کورونا وائرس کے علاج کے لیے بنائی گئی ویکسین کو ذخیرہ کرنے اور دنیا بھر میں متاثرین تک پہنچانے کے لیے امریکی کمپنیاں بہت بڑے پیمانے پر غیر معمولی اقدامات کر رہی ہیں جن میں انتہائی ٹھنڈے فریزر تیار کرنے اور فی گھنٹہ پانچ سو کلو برف بنانے والے یونٹ نے کام شروع کر دیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق منفی 70 ڈگری سنٹی گریڈ پر محفوظ کی جانے والی ویکسین فائزر اور بائیواین ٹیک کمپنیوں نے تیار کی ہے جس کی ترسیل کے لیے ایسی کمپنیوں نے بھی اپنی خدمات پیش کی ہیں جن کا اس پراجیکٹ سے براہ راست تعلق نہیں۔
گاڑیاں بنانے والی کمپنی فورڈ نے ویکسین رکھنے کے لیے فریزر بنانے کا آرڈر دیا ہے جبکہ گوشت کی پروسیسنگ کرنے والی کمپنی سمتھ فیلڈ نے پیش کش کی ہے کہ وہ اپنے مذبح خانوں کے کولڈ سٹوریج روم ویکسین کی تقسیم کے آپریشن کے لیے فراہم کرنے کو تیار ہے۔
سامان کی ترسیل کرنے والی بڑی امریکی کمپنی یو پی ایس پہلے سے ہی اپنے پلانٹ میں 500 کلو برف فی گھنٹہ تیار کر رہی ہے اور ایسے فریزر بھی بنا چکی ہے جن میں غیرمعمولی کم درجہ حرارت میں ویکسین رکھ کر گاڑیوں کے ذریعے منتقل کی جا سکے۔
سمتھ فیلڈ کمپنی کی انتظامی امور کی سربراہ کیرا لمبارڈو نے کہا ہے کہ ’اگر صحت کے اداروں کو ویکسین کے ذخیرہ کرنے کے لیے مسئلہ درپیش آتا ہے تو ہم اپنی خدمات پیش کرتے ہیں۔ ہم نے اپنے الٹرا لو فریزر کی صلاحیت کو جانچا ہے اور مدد کو تیار ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ وہ ویکسین کو محفوظ رکھنے اور اس کی متاثرین تک ترسیل خاص طور پر زراعت اور فوڈ سپلائی کے شعبوں میں کام کرنے والوں تک پہنچانے میں حکام کی مدد کر سکتے ہیں۔
فورڈ کمپنی نے ویکیسن کی آمد سے قبل ہی اس کو محفوظ رکھنے کے لیے درجن بھر الٹرا کولڈ فریزر بنانے کا آرڈر دیا ہے اور یہ ان کارکنوں کو فراہم کیے جائیں گے جو لینا چاہیں۔
اے ایف پی کے مطابق کورونا کی وبا پھیلنے کے بعد فورڈ کمپنی کو اپنی فیکٹریاں عارضی طور پر بند کرنا پڑی تھیں۔ کمپنی کی فیکٹریوں میں انتہائی سخت حفاظتی تدابیر اپنانے کے بعد کام شروع کیا گیا۔
کمپنی کے ترجمان نے بتایا کہ ’کام کی جگہ پر کارکنوں کی صحت اور حفاظت ہماری سب سے اولین ترجیح ہے۔‘
ادھر امریکی جنرل موٹرز نے کہا ہے کہ وہ حکام اور متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطے میں ہے اور ویکسین کی دستیابی کے بعد اس کی تقسیم میں کسی بھی قسم کی مدد کو تیار ہے۔
دوسری جانب فریزر بنانے والی امریکی کمپنی ’سو لو‘ نے کہا ہے کہ اس کے انتہائی کم درجہ حرارت رکھنے والے فریزر کی فروخت میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔
کمپنی کے سیلز مینیجر ڈینی ہینسلر نے اے ایف پی کو بتایا کہ ستمبر کے اواخر سے ان کو فریزر کے زیادہ آرڈر مل رہے ہیں۔
موڈرنا کے بنائے گئے فریزر کی طلب میں بھی اضافہ دیکھا جا رہا ہے جو منفی 22 فارن ہائیٹ تک ٹھنڈک پہنچاتے ہیں۔
ڈینی ہینسلر کا کہنا تھا کہ ’ہم نے جتنے آرڈر لیے ہیں اتنے فریزر تیار کرنے کے لیے کارکنوں کو اوور ٹائم لگانا پڑ رہا ہے اور کمپنی نے سنیچر کے دن کو بھی کام شیڈول کیا ہے۔‘