میونسپلٹی نے 70 ٹن مچھلی اور دو ٹن گوشت تلف کر دیا
’بلدیہ نے 60 سے زیادہ ٹھیلے ضبط کیے ہیں جنہیں غیر ملکی چلا رہے تھے‘ ( فوٹو: ٹوئٹر)
مکہ مکرمہ میونسپلٹی نےنکاسہ محلے میں ٹھیلے لگانے والے غیر ملکیوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 70 ٹن سے زیادہ مچھلی اور دو ٹن سے زیادہ گوشت تلف کردیا جبکہ 3 ہزار سے زیادہ مرغیاں ضبط کی ہیں۔
اخبار 24 کے مطابق 60 سے زیادہ ٹھیلے بھی ضبط ہوئے ہیں جنہیں غیر ملکی چلا رہے تھے۔
مسفلہ میونسپلٹی نے کہا ہے ’ٹھیلے لگانے والے بلدیہ کے ضوابط اور صحت کے اصولوں کی پابندی نہیں کرتے‘۔
’یہ لوگ غیر قانونی طور پر کھانے پینے کی اشیا فروخت کرتے ہیں، ان کے پاس صحت کارڈ نہیں ہوتا نیز غذائی اشیا صحت کے اصولوں کے مطابق ذخیرہ نہیں کرتے‘۔
’ٹھیلے میں فروخت ہونے والی اشیا غیر معیاری ہونے کے ساتھ مضر صحت بھی ہیں‘۔
بلدیہ نے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو ہدایت کی ہے کہ ’صحت ضوابط کی پابندی نہ کرنے والے لوگوں سے تعاون نہ کیا جائے، ان سے کوئی چیز نہ خریدی جائے‘۔